عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر ہرنائی

ڈپٹی کمشنر ہرنائی میر ارشد حسین جمالی نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہرنائی کے دورے کے موقع پر کیا

کوئٹہ۔ 09 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ہرنائی میر ارشد حسین جمالی نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہرنائی کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور ادویات کی دستیابی ،حاضری رجسٹرکا جائزہ لیا۔ اس موقع پر فی میل سٹاف اپنی ڈیوٹی پر موجود تھا، تاہم ڈاکٹرز اور دیگر میل سٹاف کی عدم موجودگی پر ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری وضاحت طلب کر لی۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں و ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج معالجے اور دستیاب سہولیات بارے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں کیونکہ عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے میڈیسن سٹور میں مریضوں کو مقررہ مقدار سے کم ادویات فراہم کیے جانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو سرکاری پالیسی کے مطابق مفت اور مکمل ادویات فراہم کی جائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے اس معاملے پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کو فوری طور پر صورتحال بہتر بنانے اور ادویات کی فراہمی کے نظام کو شفاف اور موثر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ہسپتالوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل اور طبی سہولیات کی بہتری کے لیے باقاعدگی سے نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر، معیاری اور بلا تعطل طبی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور مریضوں کے علاج و معالجے میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دی جائے۔

مزید خبریں