اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت کی زیر صدارت تحصیل پسرور کے ریونیو امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا،
عوامی خدمت پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، اے سی پسرور

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 09 جون (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت کی زیر صدارت تحصیل پسرور کے ریونیو امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ریونیو افسران، پٹواریوں اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران انتقال، فرد کے اجرا، زیر التوا ریونیو مقدمات، سرکاری واجبات کی وصولی، اراضی ریکارڈ کی درستگی اور دیگر اہم ریونیو معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہر شعبے کی کارکردگی کا انفرادی طور پر جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے پیش رفت رپورٹ طلب کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو ریونیو خدمات کی فراہمی میں شفافیت، میرٹ اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سائلین کو دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے زیر التوا مقدمات اور درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے، مقررہ اہداف کے حصول اور ریونیو ریکارڈ کو مزید بہتر انداز میں مرتب رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نےکہا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا تمام ریونیو افسران اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، محنت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔








