ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) راولپنڈی نے عطائیوں اور سرنجوں کی غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایچ اے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کی
راولپنڈی: عطائیت اور سرنجوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 09 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) راولپنڈی نے عطائیوں اور سرنجوں کی غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایچ اے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پریوینٹیو سروسز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہیومن ریسورسز، سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ڈرگ کنٹرولرز اور کیمسٹ یونین کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں سرنجوں کی غیر قانونی فروخت کی روک تھام اور انسدادِ عطائیت مہم کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیر قانونی طبی پریکٹس اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف حالیہ کارروائیوں کے دوران متعدد تادیبی اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ڈرگ انسپکٹرز کی جانب سے انسدادِ عطائیت کے تحت باقاعدہ دورے اور اچانک چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ ان کارروائیوں کی نگرانی ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ، ڈی ایچ او پریوینٹیو سروسز اور ڈرگ کنٹرولر مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے صحت عامہ کو درپیش خطرات کے تدارک کے لیے ’’ون ٹیم اپروچ‘‘ اختیار کرنے پر زور دیا۔
حکام نے واضح کیا کہ عوامی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی اور قانون شکن افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔








