خیبر پختونخوا پولیس کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم "پولیس سہولت مرکز” کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید تیز، شفاف اور محفوظ بنانے کے لیے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
خیبر پختونخوا پولیس اور نادرا کے مابین خدمات کے لیے اہم معاہدے پر دستخط

مزید خبریں
پشاور۔ 09 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا پولیس کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم "پولیس سہولت مرکز” کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید تیز، شفاف اور محفوظ بنانے کے لیے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
سنٹرل پولیس آ فس پشاور تر جمان کے مطابق اجلاس میں خیبر پختونخوا پولیس اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا ) کے مابین ایک اہم اور تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔آئی جی پی خیبر پختونخوا کی خصوصی دلچسپی اور ویژن کے مطابق، اس معاہدے کا بنیادی مقصد پاک آئی ڈی ( پاک ۔۔آئی ڈی ) موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کی بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ شناخت کی فوری اور مؤثر تصدیق کو یقینی بنا کر سروس ڈیلیوری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ تقریب میں محکمہ پولیس خیبرپختونخوا کی جانب سے ڈی آئی جی آئی ٹی رائے اعجاز احمد اور نادرا کی جانب سے چیف پراجیکٹ آفیسر رحمن قمر نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پیز اور ڈی آئی جیز سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت نادرا اپنے پاک آئی ڈی موبائل سسٹم کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کرے گا، جبکہ تکنیکی مسائل کے حل، سسٹم کی کارکردگی کی نگرانی اور سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا۔ آئی جی پی کی ہدایات کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نادرا کے تکنیکی نظام سے محفوظ طریقے سے جڑنے کے لیے ایک مخصوص اور متبادل نیٹ ورک لنک قائم کرے گی، جبکہ پولیس سسٹم کے ڈیزائن اور ڈیٹا سکیورٹی کو نادرا کے انفارمیشن سکیورٹی قوانین کے مطابق سو فیصد محفوظ بنایا جائے گا۔ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظریہ بائیومیٹرک خدمات صرف پولیس کے ان مخصوص اور مجاز اہلکاروں کے استعمال میں ہوں گی جن کی فہرست نادرا کو تحریری طور پر فراہم کی جائے گی۔آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ یہ ڈیجیٹل شراکت داری صوبے میں جدید اور محفوظ پولیسنگ کے عزم کا مظہر ہے، جس سے شہریوں کو اپنے شناختی مراحل کی تصدیق میں انتہائی آسانی اور شفافیت میسر آئے گی۔تقریب کے اختتام پر، خیبر پختونخوا پولیس اور نادرا نمائندوں کے مابین اس کامیاب ڈیجیٹل شراکت داری اور باہمی تعاون کی یادگار کے طور پر شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔








