سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور گورنر بلوچستان کی ملاقات، وفاق اور صوبے کے مابین ہم آہنگی کے فروغ سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی

جس میں صوبائی وزیر برائے کمیونیکشن و ہاؤسنگ اینڈ ورکس و پارلیمانی لیڈر مسلم لیگ( ن) بلوچستان سلیم خان کھوسہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وفاق اور صوبے کے مابین ہم آہنگی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاق اور بلوچستان کے درمیان مؤثر رابطوں، ہم آہنگی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی مجموعی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔شرکاء نے جمہوری اداروں کے استحکام، پارلیمانی روایات کے فروغ، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کو درپیش چیلنجز، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لئے وفاق اور صوبے کے مابین قریبی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں امن، استحکام، ترقی اور عوامی خدمت کے لئے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی مفاد اور عوامی فلاح کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کو پاکستان کے مستقبل اور قومی استحکام کا ضامن قرار دیا۔