سکیورٹی فورسز کاخضدار میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن، 14 دہشت گرد جہنم واصل

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 14 دہشت گرد ہلاک کر دیئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے بہادر سپوت لانس حوالدار محمد عباس شہید ہوگئے۔

راولپنڈی۔9جون (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 14 دہشت گرد ہلاک کر دیئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے بہادر سپوت لانس حوالدار محمد عباس شہید ہوگئے۔

منگل کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق 8 جون کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں موجود ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ دہشت گرد قریبی پولیس سٹیشن اور بینکوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر فوری آپریشن شروع کیا۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو موثر انداز میں روکا گیا اور سکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی حمایت یافتہ 14 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی ہوئے۔مزید برآں دہشت گردوں کے زیر استعمال چار گاڑیاں اور دیسی ساختہ بارودی مواد (آئی ای ڈیز) بھی موقع پر تباہ کر دیئے گئے تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے ایک بہادر سپوت لانس حوالدار محمد عباس نے انتہائی جوانمردی سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور شدہ عزم استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف اپنی مسلسل مہم پوری رفتار سے جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔