بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر ایرانتھی پریمراتنے کا ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کا دورہ

ٹیکسٹائل ویسٹ مینجمنٹ اور سرکلر اکانومی کے شعبے میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر ایرانتھی پریمراتنے نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے دفتر کا دورہ کیا۔انہوں نے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد احمد اور ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی سے ملاقات کی

فیصل آباد ۔ 09 جون (اے پی پی):ٹیکسٹائل ویسٹ مینجمنٹ اور سرکلر اکانومی کے شعبے میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر ایرانتھی پریمراتنے نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے دفتر کا دورہ کیا۔انہوں نے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد احمد اور ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران فیصل آباد کی ٹیکسٹائل صنعت سے پیدا ہونے والے ویسٹ کے مؤثر انتظام، ری سائیکلنگ، ریسورس ریکوری اور پائیدار ویسٹ مینجمنٹ ماڈلز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانتھی پریمراتنے نے بین الاقوامی تجربات کی روشنی میں ٹیکسٹائل ویسٹ کو معاشی وسائل میں تبدیل کرنے، سرکلر اکانومی کے فروغ اور ماحول دوست اقدامات کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کیں۔

بعد ازاں انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں انہیں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت جاری ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے جدید مانیٹرنگ سسٹم اور صفائی آپریشنز کی مؤثر نگرانی،شکایات کے ازالے کے طریقہ کار اور ویسٹ کلیکشن کے نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات لائق تحسین ہیں، ستھرا پنجاب پروگرام بھی انہی میں سے ایک ہے جو نہایت موثر اور قابل تقلید ماڈل ہے اور لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری لانے میں مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔

انہوں نے فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں ستھرا پنجاب کا میکنزم ایک کامیاب انتظامی ماڈل کی عکاسی کررہا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا سب سے بڑا ٹیکسٹائل مرکز ہے لہٰذا ٹیکسٹائل ویسٹ مینجمنٹ کا جدید اور پائیدار حل وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت سے مستقبل میں ایسے اقدامات کو فروغ دیا جائے گا جو ماحولیاتی تحفظ اور وسائل کے بہتر استعمال میں معاون ثابت ہوں۔دورے کے اختتام پر دونوں جانب سے ویسٹ مینجمنٹ، سرکلر اکانومی اور ٹیکسٹائل ویسٹ کی ری سائیکلنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے تبادلے کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔