ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر صدارت بارڈر کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاک ایران سرحدی تجارت سے وابستہ تاجروں، بارڈر کمیٹی کے ارکان، چیمبر آف کامرس کے نمائندوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر گوادر کی زیر صدارت بارڈر کمیٹی کا اہم اجلاس کا انعقاد

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 09 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر صدارت بارڈر کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاک ایران سرحدی تجارت سے وابستہ تاجروں، بارڈر کمیٹی کے ارکان، چیمبر آف کامرس کے نمائندوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، صدر گوادر چیمبر آف کامرس جیہند ہوت، سابق صدر چیمبر آف کامرس شمس الحق، میر راشد، میر چراغ کلمتی، شہزاد کلمتی اور دیگر تجارتی شخصیات بھی موجود تھیں۔اجلاس کے دوران تاجروں نے گبد-ریمدان بارڈر پر ایل پی جی اور دیگر تجارتی اشیاء کی نقل و حمل میں درپیش مشکلات، سہولیات کے فقدان اور بعض انتظامی رکاوٹوں کے حوالے سے اپنے تحفظات تفصیل سے ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھے۔ شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حالات میں گبد-ریمدان بارڈر ملک کے لیے ایل پی جی کی درآمد کا اہم ذریعہ بن چکا ہے، لہٰذا تجارتی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ صرف مقامی تاجروں بلکہ قومی معیشت اور ریونیو وصولیوں کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے تاجروں کے مسائل اور تحفظات کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ قانونی تجارت کے فروغ، سرمایہ کاروں کے اعتماد کے تحفظ اور بارڈر پر تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر ٹریڈ نہ صرف مقامی معیشت بلکہ قومی اقتصادی سرگرمیوں میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے اور اس شعبے سے وابستہ افراد کے جائز مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے مؤثر رابطہ کیا جائے گا۔اجلاس میں شرکاء نے بارڈر پر پارکنگ، حفاظتی اقدامات، بنیادی سہولیات، گاڑیوں کی کلیئرنس اور تجارتی عمل کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تجارتی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنایا جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ حکومت بلوچستان کے وژن کے مطابق بارڈر تجارت کے فروغ، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور کاروباری سرگرمیوں کے استحکام کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے جائز تحفظات اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں گے تاکہ بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں اور قومی معیشت کو مزید تقویت حاصل ہو۔اجلاس کے شرکاء نے بارڈر تجارت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر گوادر کی سنجیدہ کاوشوں، فوری توجہ اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے تجارتی سرگرمیوں کو درپیش مشکلات جلد دور ہوں گی۔








