ڈپٹی کمشنر دکی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اسسمنٹ کمیٹی کا اجلاس

ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اسسمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال، ایکسین بلڈنگ ملک اسد خان ترین، اکاؤنٹس آفیسر عبدالباقی، ایکسائز آفیسر عبدالمنان ناصر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی

کوئٹہ۔ 09 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اسسمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال، ایکسین بلڈنگ ملک اسد خان ترین، اکاؤنٹس آفیسر عبدالباقی، ایکسائز آفیسر عبدالمنان ناصر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ ایکسائز دکی کے دفتر کے قیام کے لیے نجی عمارت کرایہ پر حاصل کرنے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ کمیٹی نے دفتر کے لیے دستیاب عمارتوں کی موزونیت

محل وقوع، بنیادی سہولیات، کرایہ کی مجوزہ شرح اور دیگر انتظامی و قانونی تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس کے دوران شرکاء کو متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی، جس میں محکمہ ایکسائز کے دفتری امور کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے مناسب اور معیاری عمارت کے انتخاب کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کمیٹی نے مختلف آپشنز کا جائزہ لینے کے بعد سرکاری قواعد و ضوابط کے مطابق کرایہ کے تعین اور منظوری کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے اور تمام معاملات میں شفافیت، میرٹ اور مروجہ قوانین کو مقدم رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کو مناسب دفتری سہولیات کی فراہمی عوامی خدمات کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔ اجلاس میں سرکاری دفاتر کی کارکردگی بہتر بنانے، شہریوں کو بروقت خدمات کی فراہمی اور مختلف محکموں کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام انتظامی امور کو مقررہ ضابطوں کے تحت جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ محکمہ ایکسائز کے دفتر کے لیے موزوں عمارت کے انتخاب اور کرایہ کے تعین سے متعلق تمام کارروائی کو قواعد و ضوابط کے مطابق حتمی شکل دے کر متعلقہ حکام کو سفارشات ارسال کی جائیں گی۔