رواں مالی سال میں جرمنی کو برآمدات میں 8.79فیصد اضافہ ہوا ،سٹیٹ بینک آف پاکستان

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):رواں مالی سال میں جرمنی کو برآمدات میں 8.79فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8مہینوں میں جولائی تا فروری 2020-21کے دوران برآمدات کا حجم 989.729ملین ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 2019-20میں جرمنی کو 909.755ملین ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئی تھیں۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ میں درآمدات میں 79.974ملین ڈالر یعنی 8.79فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادھر فروری 2020کے مقابلہ میں فروری 2021کے دوران بھی جرمنی کو کی جانے والی برآمدات میں 5.48فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فروری 2020کے دوران جرمنی کو 110.430ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں تاہم فروری 2021میں برآمدات کی مالیت 116.489ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔

دوسری جانب جنوری 2021کے مقابلہ میں فروری 2021کے دوران جرمنی کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 6.39فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ جنوری 2021کے دوران جرمنی کو 124.448ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں لیکن فروری 2021کے دوران برآمدات کا حجم 116.489ملین ڈالر تک کم ہوا ہے۔

دوسری جانب گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران جرمنی سے کی جانے والی درآمدات 6.16فیصد اضافہ سے 658.180ملین ڈالر کے مقابلہ میں 698.732ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔

ایس بی پی کے مطابق فروری 2020کے مقابلہ میں فروری 2021کے دوران درآمدات میں 11.04فیصد کمی اور جنوری 2021کے مقابلہ میں فروری 2021کے دوران جرمنی سے کی جانے والی درآمدات میں 10.23فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔