پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں 25.17 فیصدکانمایاں اضافہ

State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 25.17 فیصدکانمایاں اضافہ ہواہے،جاری مالی سال میں سعودی عرب کوپاکستانی برآمدات میں کمی جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سعودی عرب کوپاکستانی برآمدات کاحجم 276.10 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 1.03 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سعودی عرب کو278.95 ملین ڈالرکی برآمدات کی گئی تھیں۔ جنوری 2021 میں سعودی عرب کوپاکستانی برآمدات کاحجم 31.87 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا۔

جنوری 2020 میں یہ حجم 35.75 ملین ڈالرتھا۔ مالی سال 2020 میں سعودی عرب کو مجوعی پاکستانی برآمدات کاحجم 453.86 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سعودی عرب سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 33.32 فیصدکانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

جولائی سے لیکرجنوری 2021 تک کی مدت میں سعودی عرب سے 1.191 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب سے درآمدات کاحجم 893.91 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا تھا۔جنوری 2021 میں سعودی عرب سے 154.61 ملین ڈالرکی درآمدات کی گئی، جنوری 2020 میں سعودی عرب سے درآمدات کاحجم 146.41 ملین ڈالرتھا۔ مالی سال 2020 میں سعودی عرب سے مجوعی درآمدات کاحجم 1.286 ارب ڈالرتھا۔