چین کی معاشی بحالی ، ابھرتی ہوئی نئی منڈیوں کو تحریک فراہم کرتی ہے، عالمی بینک

واشنگٹن۔15جنوری (اے پی پی):عالمی بینک کی جاری کردہ عالمی معاشی آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیاہے کہ کووڈ-19 کی وبا کے مسلسل پھیلاؤ کے باعث 2021کی پہلی ششماہی میں بھی عالمی معیشت تنزلی کا شکار رہے گی ۔ گلوبل تھنک ٹینک کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں عالمی بینک کے عہدیدارر کی جانب سے نشاندہی کی گئی کہ سرمایہ کاری میں کمی اور قرضوں کے بوجھ کا بڑھنا مختلف ممالک کی معیشت پر وبا کے نمایاں اثرات ہیں، تاہم مشرقی ایشیاء میں چین کی معاشی بحالی بے حد غیر معمولی اور اہم ہے کیونکہ یہ دیگر عالمی معیشتوں خاص طور پر مشرقی ایشیا اور ابھرتی ہوئی نئی معیشتوں میں معاشی بحالی کی محرک ہے۔عالمی بینک کے اندازوں کے مطابق 2021میں چین کے جی ڈی پی کی شرحِ نمو 7.9 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ اسی وقت میں چین کے ذریعے متحرک ، ابھرتی ہوئی مارکیٹس کی معاشی نمو نئے سال میں 5 فیصد بڑھے گی ، جو کہ پہلے لگائے گئے 4.6 فیصد کے اندازے سے زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ دوسرے ممالک کے مقابلے میں ، چین کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری خاص طور پر طبی آلات کا شعبہ بے حد مضبوط اور مستحکم ہے۔