کورونا وائرس کی وبا کے باعث 2020 کے دوران عالمی سطح پر 100 ملین افراد انتہائی غربت کا شکار ہوگئے ،عالمی مالیاتی فنڈ

آئی ایم ایف کا یوکرین کو 88 کروڑ ڈالر کی فراہمی کا معاہدہ

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے پوری دنیا کو مل کر زیادہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر کے غریب طبقات پر کووڈ۔19 کے اثرات بہت زیادہ پریشان کن ہیں۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے گزشتہ سال 2020کے دوران عالمی سطح پر 100 ملین سے زیادہ افراد انتہائی غربت کا شکار ہوگئےہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ گزشتہ 30 سال کے دوران غربت کی شرح میں اتنی تیزی سے اضافہ نہیں دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ بحران سے بنیادی ترقی کے اہداف متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ کم آمدنی والے اور غریب ممالک کے پاس عوامی تحفظ کے لئے ضروری فنڈز کی دستیابی بھی ایک مسئلہ ہے اور وہ اپنے عوام کی فلاح و بہبود اور زندگیوں کے تحفظ سمیت صحت،تعلیم، بنیادی ڈھانچہ سمیت دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ آئی ایم ایف نے تجویز پیش کی ہے کہ طویل المدت کی بہتر شرح نمو ، زیادہ محصولات کے حصول اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے نجی سرمایہ کاری کے فروغ کی حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

تاہم کم آمدنی والے ممالک بنیادی ضروریات کے اہم منصوبوں کے لئے فنڈز اکٹھے نہیں کرسکیں گے۔ اس حوالہ سے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کے تحت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے عالمی برادری کو باہم مل کر زیادہ کوشش کرنی ہوگی تاکہ کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا جاسکے۔