دنیابھر میں کورونا وائرس کی وبا سے37 لاکھ 63 ہزار اموات، متاثرین کی تعداد17 کروڑ 47 لاکھ سے متجاوز

واشنگٹن، نئی دہلی، ریوڈی جنیرو ۔9جون (اے پی پی):بھارت، امریکا اور برازیل سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات اور مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے، بھارت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے92 ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے اموات کی تعداد37لاکھ63ہزار تک پہنچ گئی جبکہ متاثرین کی تعداد17کروڑ47لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد174753298ہے، وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک3763186 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کوروناکے فعال متاثرین کی تعداد12519604ہے،

کورونا وائرس کی وبا سے امریکا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ملک میں کورونا وائرس کے باعث اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ برازیل کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا اور میکسیکو ہلاکتوں کے اعدادوشمار سے تیسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد3 کروڑ42 لاکھ42 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد6 لاکھ 13ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ امرہکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد34242866 اور 5408951 فعال متاثرین ہیں۔ امریکا میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک613052 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری اور تیسری لہر کے دوران بھی امریکا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ امریکا میں لوگوں کو مہلک کورونا وائرس سے بچانے کیلئے اب تک 30کروڑ28 لاکھ سے زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ ادھر برازیل میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد4 لاکھ 77 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک بھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ70لاکھ38 ہزار سے زیادہ ہے۔

برازیل میں مہلک وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر17038260ہوگئی ہے۔ برازیل میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد477307 ہے جبکہ مختلف علاقوں میں اس وقت کورونا وائرس کے1066882 فعال مریض ہیں۔

برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک15494071 سے زائد کورونا مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔دریں اثناء بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد3 لاکھ53 ہزارسے تجاوز کرگئی ہے، ملک میں کورونا وائرس کے92 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید92596 افراد میں مہلک کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے،

بھارتی وزارت صحت کے مطابق اس دوران کورونا وائرس میں مبتلا2219 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جس سے مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 353557 ہوگئی۔ بھارت میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد1238421 ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت اس وقت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کا شکار27496198 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔