دنیابھر میں کورونا وائرس کی وبا سے37 لاکھ 44 ہزار سے زائد اموات، متاثرین کی تعداد17 کروڑ 40 لاکھ سے متجاوز

واشنگٹن، نئی دہلی، ریوڈی جنیرو ۔7جون (اے پی پی):بھارت، امریکہ اور برازیل سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات اور مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے،

بھارت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک لاکھ سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے اموات کی تعداد37لاکھ 44ہزار تک پہنچ گئی جبکہ متاثرین کی تعداد17کروڑ40لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

پیر کوامریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد174064740ہے، وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک3744513 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کوروناکے فعال متاثرین کی تعداد12971526ہے،

کورونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ملک میں کورونا وائرس کے باعث اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ برازیل کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا اور میکسیکو ہلاکتوں کے اعدادوشمار سے تیسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔ بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے ایک لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید2 ہزارچار سو سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید100636 افراد میں مہلک کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، بھارتی وزارت صحت کے مطابق اس دوران کورونا وائرس میں مبتلا2427 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جس سے مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 349229 ہوگئی۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد2 کروڑ 89 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

بھارتی وزارت صحت کے حکام کے مطابق کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد28909975 ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 349229 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت میں نئے یومیہ متاثرین کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے،

ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد1401566 ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد3 کروڑ42 لاکھ10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد6 لاکھ 12ہزارسے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد34210782 اور 5475679 فعال متاثرین ہیں۔

امریکہ کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک612366 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ امریکہ میں لوگوں کو مہلک کورونا وائرس سے بچانے کیلئے اب تک 30کروڑ2 لاکھ سے زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں۔

ادھر برازیل میں کورونا وائرس سے ہلاکتوںکی تعداد4 لاکھ 73 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک بھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ69لاکھ47 ہزار سے تجاوز کرگئی۔برازیل میں مہلک وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر16947062ہوگئی ہے۔

برازیل میں کورونا وائرس سے روزانہ ہلاکتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہورہا ہے، برازیل کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد473495 ہے جبکہ مختلف علاقوں میں اس وقت کورونا وائرس کے1131281 فعال مریض ہیں۔ برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک15342286 سے زائد کورونا مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔