دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے20 لاکھ سے زائد اموات، متاثرین کی تعداد 9 کروڑ 35 لاکھ سے تجاوز کرگئی

نیویارک، لندن، نئی دہلی، ریوڈی جنیرو۔15جنوری (اے پی پی):دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات کی تعداد20لاکھ تک پہنچ گئی، مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد9 کروڑ 35 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ جمعہ کوامریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد93554410 ہے، وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک2002841 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا کے فعال متاثرین کی تعداد24696050ہے، کورونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ملک میں کورونا وائرس کے باعث اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ برازیل کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا اور ہلاکتوں کے اعدادوشمار سے تیسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد2 کروڑ38 لاکھ سے زائد ہوگئی جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اموات کی تعداد تین لاکھ98 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد23848410 ہے جبکہ فعال متاثرین کی تعداد9338297 ہے۔ امریکہ میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں اور فعال کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ5 لاکھ28ہزار تک پہنچ گئی، ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مہلک وائرس سے اب تک ایک لاکھ52 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد10528508ہے جبکہ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد214472 ہے۔ حکام کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 52 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ برازیل میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد83 لاکھ26 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد2 لاکھ7 ہزارسے تجاوز کرگئی۔ برازیل میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ملک میں مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 207160 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق ملک میں اس دوران کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد8326115 ہوگئی ہے۔ ادھر برطانیہ میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد86 ہزارسے تجاوز کرگئی، ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد3260258ہے۔ برطانیہ میں کورونا متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد1767276ہے۔ برطانیہ کے مختلف شہروں اور علاقوں میں اس جان لیوا وائرس سے اب تک86015 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔