روس نے اگر امریکہ مخالف کارروائیاں کیں تو اسے سنگین نتائج کا سامنا ہوگا، امریکی صدر جو بائیڈن

لندن۔10جون (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے پہلے بیرونِ ملک دورے کا آغاز روس کو یہ سخت تنبیہ کر کے کیا ہے کہ اگرروس نےامریکہ مخالف کارروائیاں کیں تو اسے سنگین نتائج کا سامنا ہوگا۔برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر جو بائیڈن نے اپنے اس ارادے کا بھی اظہار کیا کہ وہ صدر ٹرمپ کے دور میں کمزور ہونے والے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے تعلقات کو دوبارہ مضبوط کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اپنے 8روزہ دورے میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور وینڈزر محل میں برطانوی ملکہ سے ملاقات اور جی 7 کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اپنے دورے کے اختتام پر انھوں نے جنیوا میں روسی صدر پوتن سے ملاقات بھی کرنی ہے جس میں وہ اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ہتھیاروں کی روک تھام، ماحولیاتی تبدیلی، یوکرین میں روسی فوج کی مداخلت، روس کی سائبر ہیکنگ سرگرمیاں اور حزبِ مخالف کے رہنما الیکسی نوالنی کی قید کے معاملات سمیت متعدد امور پر بات کریں گے