سرکاری ادارے کی نجکاری پر ملازمین کی تنخواہ میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا، سعودی وزارت افرادی قوت

ریاض۔12جون (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت برائے افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ کسی بھی سرکاری ادارے کی نجکاری کے بعد دو برس تک ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ سرکاری ادارے کے جو ملازم نجکاری کے بعد نجی ادارے میں منتقل ہونے پر راضی نہیں ہوں گے انہیں کئی آپشن دیئے جائیں گے۔ دوسری جانب سیکرٹری وزارت افرادی قوت نے کہا کہ نجکاری کے دو برس تک کسی بھی ملازم کی تنخواہ میں کوئی کمی نہیں کی جا سکے گی، البتہ دو برس بعد ملازم کی تنخواہ میں کمی اور برطرفی کا اختیار ادارے کو حاصل ہوجائے گا۔ان کے مطابق ممکن ہے کہ ملازمت کے نئے معاہدے میں نجی ادارہ تنخواہ میں اضافہ کردے اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ کم تنخواہ کی بات کرے۔سیکرٹری کا کہنا تھا کہ اگر دو سال تک ملازم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو اس کی ملازمت برقرار رہے گی اور اس کا بھی امکان ہے کہ تنخواہ میں اضافہ ہوجائے تاہم اس کا دارومدار ملازم کی اپنی کارکردگی پر ہے۔ وزارت افرادی قوت نے اطمینان دلایا کہ اگر ملازمین کسی بڑی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کریں گے تو ان کی ملازمت جاری رہے گی۔