سعودی وزارت حج و عمرہ کا حج 2021 اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ

جدہ ۔12جون (اے پی پی):سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج 2021 اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق60 ہزار سعودی شہریوں اور اقامہ ہولڈرز کو فریضے کی ادائیگی کی اجازت ہوگی ۔ڈی جی حج ابرار مرزا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج 2021 اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے،حج محدود کرنے کی وجہ کورونا وبا کی صورتحال اور وائرس کی نئی اقسام ہیں۔وزارت نے کہا ہے کہ 18 سال سے 65 سال کی عمر کے ان عازمین کو حج کی اجازت ہوگی جنہوں نے کورونا ویکسین لگوا رکھی ہے۔

سعودی حکومت کیلئے عازمین حج کی سلامتی اولین ترجیح ہے ۔ انسانی جانوں کی سلامتی کا تحفظ اسلامی شریعت کا بھی اولین اصول ہے۔’عالمی وبا کے باعث مشاعر مقدسہ میں بڑی بھیڑ لگانا اور ان میں سلامتی کے اصولوں کا انطباق کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔موجودہ صورتحال اور خدشات کے سبب فریضے کی ادائیگی کو محدود کیا جائے گا۔

اندرون ملک سے حج کے خواہشمند آن لائن طریقہ سے حج کی درخواست جمع کرائیں گے۔’حج کی درخواستیں جمع کرانے کے لئے الیکٹرانک طریقہ کار آئندہ دنوں جاری کیا جائے گا۔سعودی اعلان کے مطابق عازم حج صحت مند اور توانا ہو، کسی بھی مستقل بیماری میں مبتلا نہ ہو۔