صدربائیڈن کی انتظامیہ میں مشرقِ وسطی میں تعینات رہنے والے مزید عربی دانوں کی شمولیت

جو بائیڈن

واشنگٹن ۔18اپریل (اے پی پی):امریکی صدر جوزف بائیڈن اپنی انتظامیہ میں عربی بولنے والی دو خواتین اور مشرقِ وسطی میں خدمات انجام دینے والے چار اور سفارت کاروں کو شامل کررہے ہیں۔ انہیں محکمہ خارجہ میں مختلف ذمے داریاں سونپی جائیں گی۔متحدہ عرب امارات میں امریکا کی سابق سفیر باربرا لیف کو معاون وزیرخارجہ برائے مشرق قریب امور مقرر کیا جارہا ہے۔وہ یو اے ای میں 2014سے 2018تک امریکا کی سفیر رہی تھیں۔ وہ عربی کے علاوہ فرانسیسی ، اطالوی اور سرب کروشیائی زبان روانی سے بول سکتی ہیں۔

انھوں نے عربی بولنے والی ایک اور سفارت کار میری کتھرین فی کو معاون وزیرخارجہ برائے افریقی امور نامزد کیا ہے۔اس وقت وہ محکمہ خارجہ میں افغانستان میں مصالحتی عمل کے بارے میں نائب خصوصی نمایندہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔انھوں نے اپنی ملازمت کے آغاز میں سب سے پہلے اردن کے دارالحکومت عمان میں امریکی سفارت خانے میں بہ طور سفارت کار خدمات انجام دی تھیں۔وہ مصر اور کویت میں بھی امریکی سفارت خانوں میں تعینات رہ چکی ہیں۔

صدر بائیڈن نے میشیل سیسون کو بین الاقوامی تنظیموں سے متعلق امور کے لیے معاون وزیرخارجہ نامزد کیا ہے۔وہ یو اے ای میں 2004 سے 2008 تک امریکا کی سفیر رہ چکی ہیں۔انھوں نے جینٹری اسمتھ کو اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے سفارتی سکیورٹی نامزد کیا ہے۔وہ امریکا کی ایک سکیورٹی مشاورتی فرم جینٹری گروپ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ وہ اس سے پہلے قاہرہ میں امریکی سفارت خانے میں ڈپٹی ریجنل سکیورٹی افسر کے طور پر تعینات تھے۔