عالمی ادارہ صحت غریب ملکوں کو کورونا ویکسین کی 2ارب خوراکیں فراہم کرے گا

Antibiotics
Antibiotics

جنیوا۔13جنوری (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت( ڈبلیو ایچ او) کی سرپرستی میں کام کرنے والے ادارے کوویکس نے کہا ہے کہ اس نے غریب ملکوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے کے لیے 6 ارب ڈالر کا فنڈ اکھٹا کیا ہے اور ویکسین کی2ارب خوراکوں کا آرڈر دے دیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ وہ ویکسین کی مزید ایک ارب خوراکیں حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ادارہ یہ ویکسینز غریب اور کم آمدنی کے ممالک میں صحت عامہ کے کارکنوں کو فراہم کرے گا تاکہ وہ عالمی وبا سے محفوظ رہ کر اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔اگرچہ چین، امریکہ، اسرائیل اور دوسرے ملکوں کو ویکسین کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو خدشہ ہے کہ ویکسین کے اسٹاکس کی تعداد میں جس رفتار سے کمی ہو رہی ہے، اس کے پیش نظر ہو سکتا ہے کہ کم یا درمیانی آمدنی رکھنے والے 92 ملکوں کے ہیلتھ ورکرز کے لئے کوویکس پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں ویکسین دستیاب نہ ہو سکے۔عالمی ادارہ صحت نے ویکسین بنانے والوں سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ غریب ملکوں کے لئے ویکسین کے اس کے پروگرام کوویکس کے لئے کویڈ 19 سے بچاؤ کے ٹیکے فراہم کریں۔ڈبلیو ایچ او کے سینئیر ایڈوائزر بروس ایلوارڈ کا کہنا ہے کہ ہمیں توقع ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم فروری میں ان ملکوں میں ویکسینیشن کر سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ سے زیادہ ملکوں میں ویکسین پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہم یہ سب کام تنہا نہیں کر سکتے۔ ہمیں ویکسین بنانے والوں کا اور اس سلسلے میں مالی معاونت فراہم کرنے والوں کا تعاون درکار ہے