کووڈ-19 کی وباء کے دوران عمر کے باعث تعصب کی وجہ سے دقیانوسی تصورات اور امتیازی سلوک میں اضافہ ہوا ہے،اقوام متحدہ

ویکسین کی غیر مساوی تقسیم سے کورونا وائرس کے ویرینٹس کو تیزی سے پھیلنے کا مفت پاس مل رہا ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ کووڈ-19 کی وباء کے دوران عمر کے باعث تعصب کی وجہ سے دقیانوسی تصورات اور امتیازی سلوک میں اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ بوڑھے افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس وقت عالمی بحالی کے لیے تمام نسلوں کے درمیان یکجہتی سب سے زیادہ ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کی چار مختلف ایجنسیوں نے اپنی ایک مشترکہ رپورٹ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر رسیدہ افراد کو معاشروں میں پہلے ہی امتیازی رویے کا سامنا ہے اور اس کے منفی اثرات صرف بوڑھے لوگوں تک ہی محدود نہیں رہیں گے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عمر کی وجہ سے ملازمت کی جگہ پر نوجوانوں اور بوڑھوں دونوں کو ہی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ مسئلہ وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا جا رہا ہے اور یہ صحت، سوشل کیئر، میڈیا حتٰی کہ لیگل سسٹم میں بھی موجود ہے۔ اس حوالہ سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتیرش نے کہا ہے کہ عمر کا تعصب دنیا بھر کے اداروں، قوانین اور پالیسیوں میں پایا جاتا ہے۔

اس سے انفرادی صحت اور وقار کو بھی نقصان پہنچتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ معیشتوں اور معاشروں کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی فراہمی سے انکار کیا جا رہا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے، یو این ڈیپارٹمنٹ آف اکنامکس اینڈ سوشل افیئرز اور یو این پاپولیشن فنڈ نے مل کر یہ رپورٹ تیار کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اداروں میں پالیسیاں بناتے ہوئے بھی عمر رسیدہ افراد کے حقوق کا خیال نہیں رکھا جاتا اور یہ مسئلہ بہت پرانا ہے لیکن وباء کے دوران یہ اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے۔ وباء کے دوران عمر رسیدہ افراد کو کمزور پیش کیا گیا ہے اور ان پر سب سے زیادہ پابندیاں عائد ہوئی ہیں جبکہ نوجوانوں کو بے پروا قرار دیتے ہوئے ان پر کم ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں۔

اسی طرح ملازمتوں سے بھی سب سے زیادہ ان افراد کو نکالا گیا ہے جن کی عمریں زیادہ تھیں جبکہ نوجوانوں کو ان کے مقابلہ میں کام کرنے کے زیادہ مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ میں اداروں اور حکومتوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کورونا بحران کے خاتمہ کے بعد بوڑھے افراد کی عزت اور وقار کو بحال کرنے کی جامع اور مربوط کوششیں کی جائیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمر کا تعصب مختلف معاشروں میں غیر تسلیم شدہ ہے اور اسے سنجیدہ مسئلہ قرار نہیں دیا جاتا لیکن معاشروں کو اس وجہ سے اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ عمر کے تعصب کے خاتمہ کے لیے عمر رسیدہ افراد کے حوالہ سے معاشرتی سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔