کینیڈا، اسلامو فوبیا اور نسلی تعصب ایک حقیقت ہے، وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو

کینیڈا، اسلامو فوبیا اور نسلی تعصب ایک حقیقت ہے، وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو

اوٹاوا۔9جون (اے پی پی):کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا اور نسلی تعصب ایک حقیقت ہے۔

کینڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کے چار افراد کو گاڑی تلے روند کرقتل کرنے کے واقعے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کینیڈین وزیر اعظم نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ کینیڈا کے بیشتر شہری اس خوف سے واقف نہیں ہیں جو نسل پرستی کے خدشات کا شکار کینیڈین مسلمان محسوس کرتے ہیں

۔صوبہ اونٹاریوکے شہر لندن میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو ہلاک کیا گیا جن کی یاد اور ایصال ثواب کے لئے مسلم کمیونٹی نے تقریب منعقد کی جس میں وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے شرکت کی۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ مسلم خاندان کے قتل کے غم کو کم کرنے کے لیے ان کے پاس ایسے الفاظ نہیں کہ مسلم کمیونٹی کے غم و غصے کو کم کر سکوں۔

کینیڈین وزیرِ اعظم نے تقریب میں کہا کہ دائیں بازو کے انتہا پسند گروہوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر ایکشن لیں گے، اکھٹے آگے بڑھنے کا راستہ نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کمیونٹی نے اس شہر کو مضبوط بنایا ہے، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ آپ اکیلے نہیں، تمام کینڈین شہری اس غم کے موقع پرآپ کے ہمراہ کھڑے ہیں۔ دوسری جانب مقتول پاکستانی فیملی کے 9 سالہ زندہ بچ جانے والے بچے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس حادثے نے معصوم بچے کے خاندان کے افراد اور مستقبل کو اس سے چھینا ہے۔

وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ تمام کینیڈین آپ کے ساتھ سوگ منا رہے ہیں۔ واضح رہے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مزید بہتر طریقے سے خطرات کا شکار کمیونیٹیز کا تحفظ کیا جائے گا۔