بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کوئٹہ کا دورہ، سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات

راولپنڈی۔13جنوری (اے پی پی):بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ وقت گزارا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ سانحہ مچھ کے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آرمی چیف کو سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں سیکیورٹی امورپرتفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ آرمی چیف کو بلوچستان میں سیکیورٹی چیلنجز اورپاک افغان، پاک ایران بارڈرمنیجمنٹ کے امورپربھی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے گیریژن افسران سے خطاب کیا اور امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے تیاریوں اورکوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ اہم محل وقوع کے باعث بلوچستان پر دشمنوں کی کڑی نظر ہے، بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور بلوچستان کی خوشحالی پاکستان کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی سیکیورٹی، استحکام اورخوشحالی کویقینی بنایا جائے گا، دشمن قوتوں کی تخریبی کوششوں کوکامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔