سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے طے شدہ اہداف کو بروقت مکمل کیا جائے، وزیراعظم کی تمام وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے تمام وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے طے شدہ اہداف کو بروقت مکمل کیا جائے، سرمایہ کاروں کو کاروبار کرنے کے لیے آسانیاں فراہم کی جائیں، معاشی استحکام کو برقرار رکھنے اور تیز تر معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری اہم ترین جزو ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت سرمایہ کاری اور کاروبار میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں معاونین خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز، چیرمین نیپرا، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز بذریعہ ویڈیولنک، اور سینیر افسران شریک ہوئے۔

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس کو ان تمام اقدامات کے بارے آگاہ کیا جو سرمایہ کاری اور کاروبار میں رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لیے لی گئی ہیں۔ ان اقدامات میں قوانین میں ترامیم، ٹیکس وصولیوں کے طریقہ کار میں آسانی، دیگر محکموں سے این او سی کے جلدحصول کے طریقہ کار کو آسان بنانا، غیر ضروری اور پرانے ضابطہ کار میں ترامیم شامل ہیں۔

وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ تمام وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاری کو فروغ دیں اور اس ضمن میں طے شدہ اہداف بروقت مکمل کریں۔