معاشی اشاریے مثبت سمت پر گامزن،عالمی مالیاتی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں،تحریک انصاف کے ارکان میں کوئی اختلاف نہیں،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل

غیر جمہوری کلچرکو ہوا دینے والے ملک کے سب سے بڑے دشمن ہیں، شہباز گل
غیر جمہوری کلچرکو ہوا دینے والے ملک کے سب سے بڑے دشمن ہیں، شہباز گل

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کو تباہ حال معیشت ورثے میں ملی تھی، وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت آج معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہے اور عالمی مالیاتی ادارے بھی اس کا اعتراف کر رہے ہیں، تحریک انصاف کے اراکین میں کوئی اختلاف نہیں ہے، جہانگیر ترین کی پارٹی کیلئے بڑی خدمات ہیں، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ تحریک انصاف کے خلاف جائیں گے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کیلئے بڑی خدمات ہیں، ان کا وزیراعظم عمران خان کے ساتھ قریبی تعلق ہے، اپنوں پر جب مقدمات بنیں تو یقینی طور پر دکھ ہوتا ہے، وزیراعظم عمران خان ملک میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ متعلقہ ادارے جہانگیر ترین کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں، اس وقت انہیں قصوروار ٹھہرانا غلط ہے، اس بات کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹ کر ملکی معیشت اور اداروں کو تباہ کیا، سوئی گیس سمیت سٹیل ملز، ریلوے، پی آئی اے، یوٹیلٹی سٹورز، میٹرو بس اور اورنج ٹرین سب خسارے میں جا رہے تھے تاہم تحریک انصاف حکومت کی جامع پالیسی کی بدولت ملک ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے، تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں اور عالمی مالیاتی ادارے بھی اس کا اعتراف کر رہے ہیں، عالمی اداروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان آئندہ سال سال 4 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے بند ہونے کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے تھے لیکن آج ٹیکسٹائل انڈسٹری کا پہیہ چل پڑا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چوں چوں کی لڑائی میں نہیں جانا چاہتے، موجودہ حکومت ملک کی ترقی کے مشن کو آگے لیکر بڑھ رہی ہے اور بخوبی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے،50 سال بعد تحریک انصاف کے دور حکومت میں دو نئے ڈیم بن رہے ہیں، 12 ہسپتال اور یونیورسٹیوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔