وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ ، احساس تحفظ کے تحت اقدامات کا جائزہ

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ ، احساس تحفظ کے تحت اقدامات کا جائزہ
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ ، احساس تحفظ کے تحت اقدامات کا جائزہ

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے احساس تحفظ کے تحت اقدامات کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو ڈاکٹرثانیہ نشتر نے عالمی یوم صحت کے موقع پر ہولی فیملی ہسپتال میں احساس سہولت مرکز کا دورہ کیا اور احساس تحفظ پروگرام کے تحت کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے طبی ماہرین، ہسپتال انتظامیہ اور پروگرام ویریفائرز پر مشتمل احساس تحفظ ٹیم کے ساتھ میٹنگ کے دوران پروگرام کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور رواں سال اس پروگرام کی توسیع کے حوالہ سے بنیادی معلومات حاصل کیں۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس تحفظ پاکستان کا پہلا ایسا پروگرام ہے جس کے تحت مستحق مریضوں کو علاج کے اخراجات میں معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال میں جاری اس پروگرام کے پائلٹ پراجیکٹ سے حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں اس پروگرام کو وسعت دی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام انتہائی کامیاب رہا ہے اور اب اس کو توسیع دی جارہی ہے۔

طبی سہولیات کے لئے مالی معاونت کی اختراعی سوچ پر مبنی یہ پروگرام یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حوالہ سے ہیلتھ انشورنس کے لئے بھی معاون ہے جو کورونا وائرس کی وبا کے بعد صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ہماری حکومتی پالیسی میں اولین ترجیح ہے۔

ہولی فیملی ہسپتال کے اشتراک سے احساس تحفظ پروگرام کے تحت ایسے مستحق مریضوں کی نشاندہی کی جاتی ہے جن کو صحت سہولت کارڈ تک رسائی حاصل نہیں یا وہ ایسے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جو صحت سہولت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ ایک سسٹم کے ان کے کوائف کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور اہلیت کی بنیاد پر عطیات کی صورت میں ان کو مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

اس مقصد کے لئے ہولی فیملی ہسپتال میں ایک سہولت ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ہولی فیملی ہسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شازیہ زیب اور ان کی ٹیم کے ساتھ ساتھ پاورٹی ایلیویشن اینڈ سوشل سیفٹی ڈویزن کے سیکرٹری محمد علی شہزادہ اور احساس تحفظ ٹیم کے سینئر ارکان موجود تھے۔