وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک میں تیل کے سمگلروں کے خلاف جاری مہم کے تحت 609 پٹرول پمپس سِیل کردیئے گئے ہیں

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک میں تیل کے سمگلروں کے خلاف جاری مہم کے تحت 609 پٹرول پمپس سِیل کردیئے گئے ہیں اور تقریبا 45 لاکھ لیٹر پٹرول اور ڈیزل ضبط کر لیا گیا ہے۔ جمعہ کو وزیرِ اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزارت داخلہ تیل کی اسمگلنگ کے خلاف بلا امتیاز و تفریق مہم جاری رکھے ہوئے ہے جس کے واضح اور مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔اگر سِیل کئے گئے پمپس کارروائی کے سات دن کے اندر مستند دستاویزات پیش نہیں کرتے تو ریاست کسٹمز ایکٹ کے تحت مالکان کی تمام جائیدادوں کے ساتھ پمپس ضبط کرنے کی مجاز ہوگی اور اس سے یہ اخذ کیا جائے گا کہ یہ جائیدادیں اسمگلنگ کے عمل سے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی ہیں۔