آنے والے وقتوں میں دنیا پاک ترک دوستی کی مثالیں دے گی، ، چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی کا ترکی اردو ویب سائٹ لانچنگ تقریب سےخطاب

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات دو جسم ایک جان کی طرح ہیں،اُمت کے نوجوانوں پر مغربی سوچ کے غلبے کو کم کرنے کے لیے ترکی میڈیا کی خدمات بےمثال ہیں، ترکی اور پاکستان مل کر امت کی جنگ لڑیں گے، آنے والے وقتوں میں دنیا پاک ترک دوستی کی مثالیں دے گی، کشمیر کمیٹی کامقصد ثقافتی سطح پر فن اور ثقافت کے ذریعے اپنے نوجوانوں کو اقدار اور اخلاقیات سے آگاہ کرنا اور کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کرنا ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو ترکی اردو کی ویب سائٹ کی پاکستان میں لانچنگ کی تقریب اور پاکستان اور ترکی کے تعلقات میں میڈیا کے کردار پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یرداکل بھی تقریب میں موجود تھے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات دو جسم ایک جان کی طرح ہیں،اُمت کے نوجوانوں پر مغربی سوچ کے غلبے کو کم کرنے کے لیے ترکی میڈیا کی خدمات بےمثال ہیں،ترکی میڈیا نے مسلمان اُمت کے ہیروز میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ مغرب اپنے مفادات کے فروغ کیلئے تمام حدود پار کر چکا ہے۔ اب ہمارا وقت ہے،پاکستان اور ترکی کو ایک ساتھ اسلامی نظریے کے فروغ کیلئے کام کرنا ہوگا،کشمیر کمیٹی کا مقصد ثقافت کے ذریعے بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ ہمیں اپنے میڈیا کے ذریعے دنیا کو ضمیر کے قیدیوں اور نیم بیواؤں کی کہانیاں سنانی ہیں۔شہریار آفریدی نے کہا کہ ترکی پاکستان مل کر اُمت کی یہ جنگ لڑیں گے،آنے والے وقتوں میں دنیا پاک-ترک دوستی کی مثالیں دے گی۔ پاکستان ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ یردوگل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں ترکی جبکہ ترکی میں پاکستان کے سفیر ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے لوگ آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح جڑے ہیں کہ انہیں ترجمان کی ضرورت بھی پیش نہیں آتی ۔ پاکستان کے شاعر ترکی میں مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے ساتھ کاروباری، معاشی اور سرمایہ کارانہ تعلقات میں اضافہ کے لئے کردار ادا کررہا ہوں۔ پاکستان میں اگر ماحول سرمایہ کاردوست ہو گا تو زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار ترکی سے آ کر یہاں سرمایہ کاری کریں گے۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے دیرینہ تعلقات قابل قدر ہیں۔ میڈیا کے ذریعے انہیں مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر جنرل نعیم لودھی ، سید مصطفیٰ حسین، سلمان جاوید ، فاروق عادل اور عبداللہ گل نے بھی خطاب کیا۔