اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا اور الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا استعمال وقت کی اہم ضرورت،ڈاکٹر شہباز گل کا پریس کانفرنس سے خطاب

لاہور۔13جون  (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سےاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ معاشی تحریک سے ہی حکومت کے پاس پیسہ آتا ہے اور اس پیسے کے دیانت دارانہ استعمال سے ملک ترقی کرتا ہے حکومت کے پیش کردہ بہترین بجٹ کے بعد اپوزیشن کو چپ لگ گئی ہے ن لیگ نے کسانوں کو بربادی کی انتہا تک پہنچایا جبکہ کاشتکار قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، وزیر اعظم نے کسانوں کے لئے تاریخی خدمات سرانجام دیتے ہوئے ریلیف پیکجز دئیے چنانچہ گروتھ ریٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا اس وقت پاکستانی معیشت کے استحکام کو بین الاقوامی مالیاتی ادارے بھی سراہارہے ہیں ،
وزیر اعظم غریبوں کا درد رکھتے ہیں اسی لئے ان کی فلاح و بہبود کے لئے پیسہ خرچ کر رہے ہیں حکومت کا عزم ہے کہ ملک کو قرضوں کی لعنت سے بہت جلد پاک کیا جائے گا دھاندلی کے خاتمہ کے لئے آئندہ انتخابات یقیناً الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جانا ایک قومی فریضہ کیونکہ اوورسیز پاکستانی پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے میں شاندار کردار ادا کرتے ہیں جبکہ اپوزیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے عمران خان پر مکمل اعتماد کو دیکھتے ہوئے خائف ہے اسی لئے انھیں ووٹ کا حق دئیے جانے کی راہ میں رکاوٹ ہے، ان  خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے اتوار کے روز پی آئی ڈ ی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ جو  وائبریشن  موڈ پر لگے تھے وہ اب سائلنٹ موڈ پر ہیں ،بجٹ آیا اور چلا گیا لیکن سائلنٹ موڈ ختم نہیں ہوا ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا دل اس ملک کے لیے دھڑکتا ہے یہ ان پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر تیار نہیں ہیں‘ احسن اقبال عرف ارسطو کہتے ہیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ادراک نہیں ‘ احسن اقبال بتائیں جب انہوں نے بیٹے کو امریکہ سے بلاکر الیکشن لڑوایا وہ یہاں کے حالات جانتا تھا ،احسن اقبال کچھ حیا کریں ہم سے دشمنی اور سیاست کریں اوورسیز سے نفرت نہ کریں ۔ امریکہ نے اپنے اوورسیز کو ووٹ کا حق دیا ہوا ہے ،برازیل ، آسٹریلیا ، اٹلی۔ یو کے سپین۔ کوسٹاریکا سمیت لمبی لسٹ ہے جہاں الیکٹرانک ووٹنگ ہو چکی ہے ،الیکشن جیتیں یا ہاریں الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ پر ہوگا ،ہمیں یا کسی کو دھاندلی کا نہیں کہنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ
 وزیر اعظم کے دفتر کا بجٹ کم کیا ،اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق کوئی بھی نہیں روک سکتا ،آج زرمبادلہ، ایکسپورٹ سے زیادہ ہے ہم اوورسیز پاکستانیوں کی آواز بنیں گے الیکٹرانک ووٹنگ کےلئے چھ سو مشینیں تین ماہ میں تیار ہوں گی ،بار الیکشن اور صحافیوں کے الیکشن میں ان مشینوں کا ٹرائل کریں گے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تین سال میں 52 کروڑ بچایا، وزیر اعظم ہائوس میں عیاشیاں نہیں ہوتیں ،لوگوں کو صرف چائے ملتی ہے ،
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے گھر میں رہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ زرداری کے دو کیمپ آفس تھے جن کے اخراجات دو سو چھبیس کروڑ تھے ،یوسف رضا گیلانی کے پانچ کیمپ آفس تھے پانچ سو ستر ملین کا خرچہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے رائیونڈ کو کیمپ آفس بنایا جہاں چار ارب تیس کروڑ خرچ ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے دو کیمپ آفس رکھے جس کا خرچہ ترپن کروڑ تھا دونوں بھائیوں کے کیمپ آفس میں دو ہزار سترہ پولیس اہلکار تعینات تھے, ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پی پی پی پانچ سال میں فصلوں میں ایک اشاریہ ایک فیصد اضافہ کیا ۔
ن لیگ کے دور میں پانچ سال میں 0.68فیصد فصلوں میں اضافہ ہوا انہوں نے کہا کہ مکئی ، گندم ، گنا کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ۔کسانوں کی جیب میں گیارہ سو ارب اضافی گیا انہوں نے کہا کہ نالائق باجی نے اپنے دور کا ڈیٹا شئیر کیا بعد میں غلطی کا پتہ چلنے پر ڈی لیٹ کردیا ۔
ساری زندگی یہ کہتے رہے فوج کھا گئی اب کہتے ہیں دفاع کابجٹ نہیں بڑھا انہوں نے کہا کہ فوج نے خود کہا جب ملک مصیبت میں ہے سب کو کمر باندھنی پڑے گی، بجٹ سچائی کا آئینہ ہوتا ہے یہ عوام کے پیسوں سے بنتا ہے,ملک کو قرضوں کی لعنت سے بچائیں گے ۔