اپوزیشن کو فری ہینڈ دیا پھر بھی ناکام ہو گئی اور اس کی طاقت بے نقاب ہو گئی، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو فری ہینڈ دیا پھر بھی ناکام ہو گئی اور اس کی طاقت بے نقاب ہو گئی، تین ہزار بندے بھی جمع نہیں کر سکے، مولانا فضل الرحمن کے ساتھ پہلے بھی ہاتھ ہوا اب بھی ہو گا، وہ یہاں دھکے کھا رہے ہیں اور بلاول چارٹرڈ طیارے پر جشن منانے عمرکوٹ گئے ہیں، مریم نواز براڈ شیٹ کیس پڑھ لیں، ایک نیا پانامہ کھلنے جا رہا ہے، لانگ مارچ اپوزیشن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا، اچکزئی جیسی تقریریاں کر رہے ہیں اس سے حالات ہمارے ہاتھ سے نکل جائیں گے، مجھ سے زیادہ ختم نبوت کیلئے کسی نے جیل نہیں کاٹی، مدارس کے طلباءکو ورغلایا نہ جائے، مولانا فضل الرحمن اور ان کے وزیراعلیٰ مدارس کے طلباءکے برخلاف مشرف کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بہترین انتظامات پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن فری ہینڈ کے باوجود اسلام آباد میں دو، تین ہزار سے زیادہ بندے اکٹھے نہیں کر سکی، مولانا فضل الرحمن اسمبلی پر لعنت بھیج رہے ہیں اور اسے جھوٹ اور فراڈ قرار دے رہے ہیں جبکہ بلاول جشن منانے کیلئے چارٹرڈ طیارے پر عمرکوٹ گئے ہیں، اپوزیشن والے گاڑیاں، جھنڈے اور بینرز ہی اکٹھے کر سکے، سیاسی کارکن نہیں آئے کیونکہ وہ ان کی حقیقت جان چکے ہیں، ہم نے اپوزیشن کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی، ہائی الرٹ کے باوجود فری ہینڈ دیا، منڈی بہائو الدین سے لے کر پشاور تک کوئی ایک بھی کنٹینر ثابت نہیں کر سکتا کہ ہم نے ان کا راستہ روکنے کیلئے لگایا ہوئی لیکن اپوزیشن آج بے نقاب ہو گئی، مدارس کے طلباءکو بھی سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے مولانا فضل الرحمن کا ساتھ نہیں دیا، مولانا چاہتے ہیں کہ مدارس کے طلباءبندوق اٹھا لیں حالانکہ جب مدارس کے طلباءنے بندوق اٹھائی ہوئی تھی تو یہ مولانا صاحب اور ان کے وزیراعلیٰ مشرف کے ساتھ بیٹھا کرتے تھے، آج ان کے دل میں مدارس کا درد جاگ گیا ہے، ان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے یہ اسی سلوک کے مستحق تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے سے زیادہ کسی نے ختم نبوت کیلئے جیل نہیں کاٹی لیکن آج مدارس کے طلباءکو ختم نبوت اور دین کے نام پر ورغلایا جا رہا ہے لیکن میں مدارس کے اساتذہ اور طلباءکو شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مولانا کی کال کو مسترد کر دیا اور اقتدار کے بھوکوں کے جمعہ بازار میں نہیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز براڈ شیٹ کیس کو پڑھے بغیر تبصرے کر رہی ہیں، انہیں چاہئے کہ اسے غور سے پڑھ لیں، ان کا کیس بہت خراب ہے اور ان کے خلاف نیا پانامہ کھلنے جا رہا ہے اور یہ اپنے لئے مزید مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کے موقف میں کوئی وزن نہیں ہے، یہ جس الیکشن کمشنر کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں اس کا عام انتخابات کرانے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا لانگ مارچ ان کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا، یہ ان کا آخری سیاسی کارڈ ہو گا اس لئے میں کہتا ہوں کہ کل کی بجائے آج ہی لانگ مارچ کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی عجیب منطق ہے کہ ضمنی الیکشن بھی لڑ رہے ہیں، سینٹ الیکشن میں بھی حصہ لے رہے ہیں اور ان اسمبلیوں کو فراڈ بھی قرار دے رہے ہیں، درحقیقت یہ ساری اپوزیشن مل کر لوٹ مار، چوری، ڈکیتی اور کرپشن بچانے کیلئے زور لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچکزئی نے آج جیسی تقریر کی ایسی تقریروں سے حالات ہمارے ہاتھ سے نکل جائیں گے، مولانا فضل الرحمن عالم دین ہیں، میں نے ہمیشہ ان کا نام احترام سے لیا ہے اور دعا کرتا ہوں کہ اﷲ ان کے حال پر رحم کرے لیکن میں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں اور وہ غور سے سن لیں کہ پہلے بھی ان کے ساتھ ہاتھ ہوا اب بھی ہاتھ ہو گا۔ انہوں نے ازراہ تفنن کہا کہ مولانا صاحب آپ یہاں دھکے کھا رہے ہیں اور میرا جگر بلاول عمرکوٹ میں چارٹرڈ طیارے پر جشن منانے گیا ہے، جتنے لوگ آج اپوزیشن کے جلسے میں تھے اس سے زیادہ تو ایک مدرسے میں طالب علم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اجازت دی تو یہ آج ریڈ زون میں آنے کے قابل ہوئے، عمران خان چاہتے تھے کہ آپ کھل کر کھیلیں، ہم یہ بھی چاہتے کہ آپ جلدی لانگ مارچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بعد اگر تھوڑی بہت ہمیں آپ کی فکر تھی بھی تو اب نہیں رہی، اپوزیشن اسلام آباد میں اتنے لوگ بھی جمع نہیں کر سکی کہ میٹرو بس ہی بند ہو جاتی، اپوزیشن ناکام ہو گئی اور اپنے آپ کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم افواج کے خلاف غیر پارلیمانی زبان برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن اپوزیشن کے پاس کوئی مطالبہ نہیں ہے، کشمیریوں کا کیس جس طرح عمران خان اور میں نے لڑا ہے کوئی بھی نہیں لڑ سکتا، یہ لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے کبھی اسرائیل کا نام لیتے ہیں تو کبھی ختم نبوت کا، میرے جیتے جی ختم نبوت کے مشن پر کوئی آنچ نہیں آ سکتی، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات وہم و گمان میں بھی نہیں ہے، لوگوں کو گمراہ نہ کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کیلئے قربانیاں دے رہی ہے، اس کے بارے میں جو زبان استعمال کی جا رہی ہے وہ برداشت نہیں کی جائے گی۔