اپوزیشن کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے کی اجازت دی، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

کراچی۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہرریڈ زون میں احتجاج کرنے کی اجازت دی، اپوزیشن نے بھی تعاون کیا اور ہم نے بھی تعاون کیا، اپوزیشن اگر لانگ مارچ میں بھی اس طرح تعاون کرے گی تو ہم بھی تعاون کریں گے، رینجرز کراچی میں زبردست اور تاریخی کام کررہی ہے، رینجرز نے کراچی میں امن کو یقینی بنایا ہے، کراچی کو محفوظ شہر بنانا چاہتے ہیں، رینجرز کو پورے شہر میں کیمرے نصب کرنے کا کہا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے پاس فنڈز ہیں، یقین ہے کہ سندھ حکومت اس کے لئے فنڈنگ کرے گی، جمعیت علماءاسلام اور پی ڈی ایم کے رہنما مولانا فضل الرحمن سب سے زیادہ خسارے میں رہنے والے سیاسی شخصیت ہوگی۔ وہ جمعرات کو ڈی ایچ اے کورنگی میں نادرا میگا سینٹر کے دورے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کررہے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دینی شخصیت کی حیثیت میں ساری زندگی مولانا فضل الرحمن کا احترام کرونگا، میری طرف سے مولانا کے لئے احترام کا رشتہ رہے گا۔ آج کراچی میں ہونے والی اسرائیل مخالف ریلی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی کی جرات نہیں ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرے، اگرمولانا فضل الرحمن اسرائیل مخالف ریلی میں مجھے بھی دعوت دے دیتے تو میں بھی شامل ہوجاتا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف خاندان کی مزید جائیدادیں نکل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو ایک خبر دینا چاہتا ہوں کہ ان سب کے معاملات مولانا فضل الرحمن کے کھاتے میں پڑنے جارہے ہیں، آپ نقصان میں رہیں گے ، یہ بڑے سمجھدار لوگ ہےں، پہلے بھی آپ سے ہاتھ ہوا اور اب بھی آپ سے ہاتھ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہرریڈ زون میں احتجاج کرنے کی اجازت دی، اپوزیشن نے بھی تعاون کیا اور ہم نے بھی تعاون کیا، اپوزیشن اگر لانگ مارچ میں بھی اس طرح تعاون کرے گی تو ہم بھی تعاون کریں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج رینجرز ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور کل پاکستان کوسٹ گارڈکے دورہ کے بعد ایف سی کے دفاتر کا بھی دورہ کرونگا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نادرا کے مزید تین دفتر کھولنے جارہے ہیں جو 24 گھنٹے کام کریں گے جبکہ پانچ دفاتر ڈبل شفٹ میں کام کریں گے، روزانہ ایک لاکھ لوگوں کو مفت شناختی کارڈ فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 300 نئی گاڑیاں تیار ہورہی ہیںجس میں یہ سہولت ہوگی کہ اگر کاعذات پر کوئی اعتراض نہ ہوں تو کارڈ لینے کے لئے دفتر جانے کی بجائے گاڑی سے ہی کارڈ مل سکے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے پورے پاکستان میں تحصیل کی سطح پر نادرا کے دفاتر کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ کی معیاد کو دس سال کررہے ہیں اور اس کی فیس وہی ہوگی جو پانچ سالہ پاسپورٹ کی فیس ہے، اس کے علاوہ پاسپورٹ کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے اس میں چپ لگارہے ہیں، اسمارٹ پاسپورٹ بنائیں گے، ائرپورٹس کو بھی مزید بہتر بنانے کے لئے سہولیات دینے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگوں کی جو شکایات ہیں،کوشش کریں گے کہ اس کا ازالہ کرسکیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سندھ میں 62 نادرا سینٹر ہیں، نادرا کو لوگوں کے معیار کے مطابق بنانا ہے، لوگوں کی شکایات دور کرنے کے لئے آیا ہوں لیکن شناختی کارڈ اسی کو ملے گا جو پاکستانی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ کی حیثیت سے وزیراعظم عمران خان نے مجھے جو ذمہ داریاں سونپی ہےں وہ پوری کرونگا اور اس میں کسی اور کو مداخلت نہیں کرنے دونگا۔