حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز احتساب کا عمل جاری رکھے گی، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز احتساب کا عمل جاری رکھے گی، شہباز شریف کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات گزشتہ حکومتوں کے درمیان بنائے گئے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے خلاف کوئی مقدمات نہیں بنائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت نے طبی بنیادوں پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، شہباز شریف سابق وزیراعظم نواز شریف کے ضمانتی ہیں اور نواز شریف 50 روپے کے سٹامپ پیپر پر ملک سے باہر گئے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز احتساب کا عمل جاری رکھے گی، نوازشریف اپنے خلاف کرپشن کیسز کا سامنا کرنے کے لئے ملک واپس آنا چاہیے۔