حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے فیصل آباد سمیت صوبہ بھرمیں سینکڑوں سستے رمضان بازار قائم کئے ہیں ، میاں فرخ حبیب

حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے فیصل آباد سمیت صوبہ بھرمیں سینکڑوں سستے رمضان بازار قائم کئے ہیں ، میاں فرخ حبیب
حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے فیصل آباد سمیت صوبہ بھرمیں سینکڑوں سستے رمضان بازار قائم کئے ہیں ، میاں فرخ حبیب

فیصل آباد۔18اپریل (اے پی پی):پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلوے میاں فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے فیصل آباد سمیت صوبہ بھرمیں سینکڑوں سستے رمضان بازار قائم کئے ہیں تاکہ عوام کو ماہ مقدس میں سستے داموں معیاری اشیائے خوردونوش مل سکیں ، شوگر مافیا نے سٹے بازی سے چینی کی قیمت بڑھائی ہے مگراب حکومت نے مافیاز پر ہاتھ ڈالا ہے جس کی وجہ سے ان کی چیخیں نکل رہی ہیں ، پی پی پی اور ن لیگ کی جانب سے مہنگائی پر پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے حالانکہ منی لانڈرنگ سے ڈالر کی قیمت بڑھتی اور بوجھ عوام پر پڑتا ہے اسلئے وہ عوام کو سچ بتائیں کہ ملکی معیشت کو ڈیفالٹ پرکون چھوڑ کر گئے ۔

وہ اتوار کے روز ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی کے ہمراہ 5 نمبر سٹاپ ڈی ٹائپ کالونی، سرسید ٹاؤن، ماڈل بازار جھنگ روڈفیصل آباد پر قائم سستے رمضان سستا بازار کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

میاں فرخ حبیب نے کہا کہ فیصل آباد میں 19 سستے رمضان بازار ہمہ وقت عوام کو ارزاں نرخوں پر معیاری اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ صرف اتوار کو ایک روز میں فیصل آباد کے ان سستے رمضان بازاروں میں 65 روپے فی کلوگرام کے حساب سے 39800 کلوگرام چینی اور ان19 سستے رمضان بازاروں میں 10 کلو گرام وزنی آٹے کے28514 تھیلوں کی فی تھیلا375 روپے کے سبسڈائزڈ ریٹ پر سیل کی گئی ہے جس سے شہریوں کو بھرپور ریلیف مل رہا ہے۔

انہوں نے بازاروں میں کھانے پینے کی اشیا کے معیار کا جائزہ لیا اور تمام بنیادی اشیا خوردونوش اور خاص طور پر چینی اور آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ڈالر کا ریٹ اوپر جانے کے بعد کبھی واپس نہیں آیالیکن حکومتی اقدامات سے روپے کی قیمت میں استحکام آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آخری موقع دینے کا کہنے والے خود اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ پی ڈی ایم بھان متی کا کنبہ ہے جس کی لٹیا جلد ڈوب اور ہنڈیا چوراہے میں پھوٹ جا ئے گی لہٰذا وہی ہوااور اب پی ڈی ایم والے اپنا سیاسی جنازہ خود نکالنے کے بعد ایک دوسرے کا مذاق بنا رہے ہیں تاہم کسی کے اپنی رائے قائم کرنے پر کوئی قدغن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے کرتوتوں پراپوزیشن کو معافی مانگنی چاہئے جبکہ جہانگیر ترین سمیت سب کے خلاف بلا امتیاز کارروائی اس بات کی غماز ہے کہ سب کا احتساب ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کی قیادت میں ملک کو مزید ترقی کی طرف لے کرجانا ہے نیز گزشتہ اڑھائی سالوں میں تاریخی اقدامات نہ کئے گئے ہوتے تو ملک بینک ڈیفالٹ پر جاتا اور ڈالر400روپے تک پہنچ جانے سے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں ہزار گنا بڑھ جاتیں مگر سب نے دیکھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار مرتبہ ڈالر کی قدر زیادہ ہونے کے بعد کم ہوئی ہے۔

میاں فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خاں غریب کو چھت دے رہا ہے نواز شریف کی طرح اپنے لئے محل نہیں بنا رہا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی غرض سے لوگوں کو سستے گھر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں حالانکہ قبل ازیں اپنا گھر بنانا ایک خواب تھااور متوسط و غریب آدمی ساری زندگی غریب آدمی کرائے کے گھر میں ہی ساری زندگی گزاردیتا تھا مگر اب عمران خان نے آسانی پیدا کی ہے اوراب غریب آدمی بھی5سے7ہزارروپے ماہانہ قسط ادا کرکے20سالوں میں اپنے گھر کا مالک بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران لوگوں کیلئے سستے بازار قائم کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے 5ارب روپے کی سبسڈی دی ہے جس کا درست استعمال یقینی بنایا جا ئے گا نیزاب ملک میں صنعتیں لگ رہی ہیں اورہم ملک کو ترقی کی طرف لیکر جارہے ہیں جس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں اسی طرح کنسٹرکشن کا شعبہ بھی ترقی کررہا ہے۔

میاں فرخ حبیب نے کہا کہ کے پی کے کی پوری آبادی کو صحت کارڈ مل چکے ہیں اور اس ضمن میں پنجاب میں بھی اقدامات جاری ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انتہائی کم وسائل کے ساتھ اس صوبے میں 650 سے زائدتعمیراتی منصوبے شروع کئے، پنجاب کی 12کروڑ آبادی کو سالانہ 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس دینے کا بیڑا بھی عثمان بزدار نے ہی اٹھایا ہے حالانکہ اب ترقی یافتہ ممالک میں بھی ایسا نہیں ہوتا۔قبل ازیں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے ڈپٹی کمشنر محمد علی کے ہمراہ فیصل آباد کے مختلف علاقوں کے سستے رمضان بازاروں کا معائنہ کیا۔اس موقع پراسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر سید ایوب بخاری،عمر مقبول اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سستا ماڈل بازار جھنگ روڑ، آئرن مارکیٹ ڈی ٹائپ کالونی، سرسید ٹاؤن اور دیگر علاقوں کے رمضان بازاروں میں گئے اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے مختلف سٹالز پر اشیاکو چیک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ماہ صیام میں صارفین کو معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی اور بہترین انتظامات برقرار رہنے چاہئیں۔ انہوں نے سستی چینی اور سستے آٹے کی فروخت کے ریکارڈ کا جائزہ لیا اور کہا کہ سٹالز پر نظم وضبط برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے خریداری کیلئے موجود مرد وں وخواتین سے رمضان بازاروں میں فروخت کی جانیوالی اشیا کے معیار اور قیمتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔انہوں نے مختلف سٹالز پرپھلوں وسبزیوں کی کوالٹی کو بھی چیک کیا اور اشیا کے معیاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے رمضان بازاروں میں بنیادی اشیا پر ساڑھے پانچ ارب روپے کی سبسڈی دی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی طرف سے بھی رمضان المبارک کے مہینہ میں یوٹیلیٹی سٹورز پر اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے رمضان بازاروں کے کامیاب انعقاد کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کی جاری کاوشوں کو سراہا۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں 19 سستے رمضان بازار قائم ہیں جہاں صارفین کو عام مارکیٹ کے سرکاری نرخوں سے بھی کم قیمتوں پر بیسن، کھجور،دال چنا اور دیگر اشیافروخت کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کے ساتھ عام مارکیٹ میں اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک رکھا ہواہے۔

انہوں نے رمضان بازاروں کے انچارج افسران سے کہا کہ سارا دن وقفے وقفے سے سٹالز پر اشیا کا معیار چیک کرتے رہیں اورغیر معیاری اشیا کی فروخت کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کی فیئر پرائس شاپس پر سبسڈی پر فروخت ہونیوالی اشیا کی کسی لمحہ قلت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مختلف اشیائے خوردونوش کی طلب پر خصوصی نظر رکھی جائے تاکہ طلب ورسد میں توازن برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا مقصد رمضان بازاروں کے فوائد کو عام آدمی تک پہنچانااور انہیں بھرپور ریلیف فراہم کرناہے۔