سیالکوٹ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھارہے ہیں ، عثمان دڈار

سیالکوٹ۔13جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھارہے ہیں وزیراعظم عمران خا ن کے ویژن کے مطابق ”کلین گرین سیالکوٹ“کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کے منصوبہ کا آغاز کردیا ہے اور پائپ لائن بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔سیالکوٹ کی عوام کے مسائل تیزی سے حل ہورہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امو ر نوجواناں محمد عثمان ڈا ر نے ”ترقیاتی منصوبے ٹیکس دہندگان کے نام“کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے ٹیکس نادہندہ شیخ نوید اقبال چیئرمین ڈرائی پورٹ سے سبلائم چوک سے وزیرآباد روڈ تک جاری اسٹیٹ آف دی آرٹ سیوریج سسٹم منصوبہ کا افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ٹیکس دہندہ شیخ نوید اقبال نے معاون خصوصی عثمان ڈار کے ہمراہ سیوریج سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا، جس کی لاگت 141.31 ملین ہے۔

ا س موقع پر بریگیڈئیر (ر) محمد اسلم گھمن، بیر سٹر جمشید غیاث،خاور انور خواجہ،ضلعی رہنما عامر ڈار، پاکستان تحریک انصاف سٹی ڈسٹرکٹ کارپوریشن کے سیکرٹری اطلاعات ونشریات میاں اعجاز جاوید،میاں سرمد محمود، ملک زاہد، چوہدری نوید سلطان، قمر منیر سلہری،سید عمیر،محمد علی چوہدری،میاں وسیم ودیگر بھی موجود تھے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ قوم کو وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے، آئندہ مالی سال کا بجٹ ملک کی ترقی و عوامی خوشحالی کا ضامن بجٹ ثابت ہوگا یہ بجٹ عوام دوست، متوازن اور ٹیکس فری بجٹ ہوگا جس سے عوام بڑی خوشگوار تبدیلیاں محسوس کریں گے،تحریک انصاف مصنوعی معیشت کی بجائے حقیقی طور پر معیشت کو مضبوط کررہی ہے۔

عثمان ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان ایک عظیم مملکت ہے جس کے عوام نے بڑے کٹھن دن دیکھے ہیں اب خوشحالی قوم کا مقدر بنے گی،حکومت کی موثر پالیسیوں کے باعث بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔انہو ں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے عوام کی بھلائی کیلئے حقیقی معنوں میں ایک پائی خرچ نہیں کی۔