صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عراقی وزیر دفاع جمعہ اناد سعدون کی قیادت میں دفاعی وفد کی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عراقی وزیر دفاع جمعہ اناد سعدون کی قیادت میں دفاعی وفد کی ملاقات
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عراقی وزیر دفاع جمعہ اناد سعدون کی قیادت میں دفاعی وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عراقی وزیر دفاع جمعہ اناد سعدون کی قیادت میں دفاعی وفد نے یہاں ملاقات کی۔ مُلاقات میں باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ باہمی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان تجارت ، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان عراق کی خودمختاری ، سیاسی اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ ایوان صدر کے اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے پاکستان کےدفاعی تربیتی اداروں میں عراقی فوجی اہلکاروں کے لئے تربیتی کورسز کی پیشکش کی۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے تکنیکی امداد اور انسانی وسائل کی مدد سے عراق میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مدد کی بھی پیشکش کی گئی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کو تمام بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں عراقی وزیر دفاع نے کہا کہ عراق پاکستان کے ساتھ معاشی اور سیاسی تعلقات کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نےپاکستان کی دفاعی صنعت کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔ ملاقات میں فریقین کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئےاعلی سطح پر وفود کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔