صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کو ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی تعینات کردیا

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کو ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی تعینات کردیا۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی کی تعیناتی کے لیے بورڈ آف گورنرز کے تجویز کردہ پینل میں شامل تین امیدواروں کے تفصیلی انٹرویو لیے۔

پینل میں ڈاکٹر ناصر محمود اور ڈاکٹر محمد بلال خان بھی شامل تھے۔ بورڈ آف گورنرز کی سفارشات اور تفصیلی انٹرویو کے بعد میرٹ پر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹّی کی تعیناتی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں سستی اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ورچوئل یونیورسٹی سے کافی توقعات وابستہ ہیں، ورچوئل یونیورسٹی کی مدد سے انٹرمیڈیٹ پاس طلبہ ملک کے کسی بھی حصے سے کم خرچ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔