عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر ہر فورم پر امت مسلمہ کیلئے آواز اٹھائی ہے ، وہ سچے عاشق رسول ﷺ ہیں، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی گفتگو

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور کوئی بھی کالعدم تنظیم حکمران جماعت کو بلیک میل نہیں کر سکتی، حکومت مسائل کو حل کرنے کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کا منفی پروپیگنڈا مایوس کن ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم تنظیم کے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی جنہوں نے ناون کوٹ پولیس سٹیشن پر حملہ کیا تھا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مظاہرین کی طرف سے اغوا شدہ پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے کارروائی کی گئی تھی، کسی کو بھی حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تحریک انصاف میں جہانگیر ترین کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اب بھی پی ٹی آئی کے رکن ہیں۔

احتساب کے عمل کے بارے وفاقی وزیر نے کہا کہ احتساب سے متعلق قومی ادارے بلاتفریق اور آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان اور ڈاکٹر بابر اعوان جو کہ تحریک انصاف کے رہنما ہیں، احتساب عدالتوں کا سامنا کر چکے ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے وزیراعظم عمران خان کے مذہب کیلئے غیرجانبدارانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر ہر فورم پر امت مسلمہ کیلئے آواز اٹھائی ہے اور وہ سچے عاشق رسول ﷺ ہیں۔

کورونا وائرس سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تیسری لہر پہلی دو لہروں کی بہ نسبت زیادہ خطرناک ہے، انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے خود بھی وائرس سے بچیں اور اپنی فیملیز کو بھی اس سے محفوظ رکھیں۔