مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا ٹریل -4 حیاتیاتی تنوع سے بھرپور اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے قدرت کا تحفہ ہے، ملک امین اسلم

حکومت نے موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے اثرات سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا ٹریل -4 حیاتیاتی تنوع سے بھرپور اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے قدرت کا تحفہ ہے، قدرتی ماحول کے تحفظ اور نیشنل پارک کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ہم سب کو زمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ وہ جمعہ کو مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے ٹریل 4 کی بحالی کے بعد اس کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ یہ ٹریل کئی سالوں سے بند تھا، اس ٹریل کو بحال کر کے نقشے اور رہنما اشارے نصب کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ امین اسلم نے کہا کہ ٹریل 4 کی مجموعی لمبائی 8.5 کلومیٹر ہے اور یہ حیاتیاتی تنوع سے بھرپور پہاڑی راستہ ہے، اس کی بحالی سے ہائیکرز کو سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا دنیا میں ایسا کوئی دوسرا شہر نہیں جہاں اتنے قریب حیاتیاتی تنوع سے بھرپور نیشنل پارک واقع ہو، یہ قدرتی نعمت ہے اور لوگوں کو زمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس قدرتی ماحول کو محفوظ اور صاف ستھرا رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں نئے ٹریلر متعارف کرانے کا پروگرام شروع کیا ہے، ٹریل 4 کی بحالی بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔