ملک میں کورونا وائرس کی ویکسین کی فراہمی فروری تک متوقع ہے،ڈاکٹر فیصل سلطان

افغانستان بردار پڑوسی ملک،افغان عوام کیلئے ادویات کا تحفہ ان کی مشکلات میں کمی کا باعث بنے گا، معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان

کراچی۔15جنوری (اے پی پی):ملک میں کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری کا عمل 2021 کی پہلی سہ ماہی میں شروع کردیا جائے گا،کورونا وائرس کی ویکسین کی فراہمی فروری تک متوقع ہے۔ یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتائی۔ اس سلسلے میں ’’اے پی پی ‘‘سے جمعہ کو تفصیلات شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دو طرفہ انتظامات کے تحت اس ویکسین کو براہ راست مینوفیکچررز سے حاصل کیا جائے گا، اس سلسلے میں کام کرنے والی نجی کمپنیوں کے ذریعہ اس ویکسین کی درآمد کی اجازت دی گئی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 2021 کی پہلی سہ ماہی کو ٹارگٹ ٹائم فریم کے طور پر مقرر کیا گیا ہے تاکہ اس مقصد کے لئے ویکسین کے پہلے بیچ کا انتظام کیا جائے جس کا مقصد وائرل انفیکشن کا سب سے زیادہ خطرہ رکھنے والے لوگوں کی حفاظت کرنا ہے،امکانات یہ ہیں کہ یہ ویکسین فروری سے دستیابی ہو گی۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ اس امر کا امکان کم ہے کہ آئندہ دوہفتوں میں اس ویکسین کی پہلی کھیپ دستیاب ہوسکے لیکن اس کی دستیابی کے لئے تیزی سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ویکسین کی دستیابی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی ایک کمیٹی کے ذریعے چھ سے آٹھ کمپنیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان سے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ماہ قبل بہترین ویکسین بنانے والی کمپنیوں کی نشاندہی میں مدد کے لئے ہم نے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت کے حامل ممالک نے بھی زیر آزمائش ویکسین کے نتائج کی پرواہ کئے بغیر اربوں ڈالر کی ویکسین کے حصول کے لئے آرڈر دے دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لئے ویکسین کی خریداری آسان نہیں ہے لیکن ہم محدود وسائل کے باوجود کم سے کم وقت میں اس کا حصول ممکن بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل خان نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ چائنیز کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کی آزمائشی عمل کا حصہ ہے۔