ناموس رسالت پر آنچ نہیں آنے دیں گے نہ ہی ناموس رسالت کی شان میں کوئی گستاخی قبول کریں گے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ناموس رسالت پر آنچ نہیں آنے دیں گے نہ ہی ناموس رسالت کی شان میں کوئی گستاخی قبول کریں گے، بادل ناخواستہ کچھ اقدامات کرنا پڑے، حکومت اپنی رٹ قائم کرے گی، 192 مقامات بلاک کیے گئے تھے، ایک کے علاوہ سب کلئیر کرالیے، صرف ایک جگہ حالات کشیدہ ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو ارزاں نرخوں پر اشیاۓ ضروریہ کی فراہمی کیلئے قائم کیے گئے سستا بازار کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ کیا، وزیر داخلہ نے کہا کہ سی ڈی اے نے رمضان میں دس سستے بازار لگاۓ ہیں جبکہ پانچ اسلام آباد انتظامیہ نے لگائے ہیں، وزیر داخلہ کو ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے اس موقع پر سستے بازار کے حوالے سے بریفنگ دی،

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لیے مزید سستے بازار کھولے جائیں، ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم تنظیم نے 192 مقامات بلاک کیے تھے، ان میں سے 191 کلئر ہوگۓ، ایک جگہ مسئلہ ہے، اور حالات کشیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالعدم ہونے کے بعد اکاؤنٹس منجمد ہوتے ہیں، نقل و حمل پر پابندی ہوتی ہے، آئی ڈی کارڈز بلاک ہوتے ہیں، تین دن کا نوٹس دیا ہے، ایک ماہ میں جواب دینا ہوتا ہے، وزارت قانون کالعدم تنظیم کی تحلیل کے حوالے سے کام کر رہی ہے،

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئی مذاکرات نہیں ہورہے، دو تین ماہ مذاکرات کیے جو نتیجہ خیز نہیں ہوسکے کیوں کہ وہ ( کالعدم تنظیم )کسی صورت اپنے ایجنڈے سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھے، حکومت اپنی رٹ قائم کرے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت میں گستاخی قابل قبول نہیں نا ہی ہم اس پر آنچ آنے دیں گے، وزیراعظم عمران خان نے اس معاملے پر زبردست طریقے سے اپنا مؤقف پیش کیا ہے اور مسلسل وہ اس معاملے پر بات کر رہے ہیں، دنیا میں زندہ رہنے کیلئے بادل ناخواستہ کچھ اقدامات کرنا پڑے ہیں، پابندی لگانا پڑی ہے،

لوگ شہید اور جاں بحق ہوۓ ہیں، 20 اپریل کو کالعدم تنظیم کی تحلیل کا فیصلہ کابینہ کرے گی، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد سمیت سارا ملک آج بھی کھلا ہے اور 20کو بھی کھلا ہوگا، جہانگیر ترین اور ساتھیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ترین پارٹیکے ساتھ ہیں اور رہیں گے اور یہ معاملہ ٹھنڈا ہوجائیگا۔