ورثے میں ملنے والے مسائل کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے،سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا ، وزیراعظم عمران خان کا سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب 

لاہور۔26فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ورثے میں ملنے والے مسائل کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، پچھلے دس سال ملکی تاریخ کا تاریک ترین دور تھا، سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا، منصوبے کے پہلے مرحلے میں 1300 ارب روپے کی کاروباری سرگرمیاں ہوں گی، قطر سے ایل این جی کے نئے معاہدے سے آئندہ دس سال میں تین ارب ڈالر کی بچت ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے سنگ بنیاد پر خوشی ہے، سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا، منصوبے کے پہلے مرحلے میں 1300 ارب روپے کی کاروباری سرگرمیاں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ملک کی آمدنی میں اضافہ کا ذریعہ بنے گا، پہلے مرحلے میں 1300 ارب روپے کا اضافہ ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ملک میں درخت لگانے کی کوئی سوچ نہیں تھی، اس منصوبوں میں حائل ہونے والے درختوں کو دوسری جگہ منتقل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سال ہمارے ملک کے لئے تاریک ترین دور تھا، ملک پر قرضوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو گئے اور تجارتی خسارے میں بھی اضافہ ہوا اور روپے کی قدر کم ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ جب تک آمدنی نہیں بڑھے گی ہم اپنے اخراجات بھی پورے نہیں کر سکتے، ہم اس طرح قرضوں کی ادائیگی نہیں کر سکتے کیونکہ ہر سال قرضوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہیں، راوی سٹی اور والٹن منصوبے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حصہ لینا چاہیے، ملک کا کرنٹ اکائونٹ اس وقت سر پلس ہے، ملک میں نئی صنعتیں لگ رہی ہیں، کاروباری سرگرمیاں بڑھنے سے روپے پر دبائو میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ تنخواہ دار اور مزدور طبقے کو چھت فراہم کرنے کے لئے نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم شروع کی گئی ہے، بینک بھی اس منصوبے کے لئے قرضے فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخوت تنظیم کو بھی پانچ ارب روپے فراہم کئے ہیں تاکہ وہ مستحق افراد کو گھروں کی تعمیر میں مدد کریں، پہلی دفعہ ملک میں اپنے گھر کا خواب عوام کے لئے شرمندہ تعبیر ہو گا۔