حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے، مہذب معاشرے کی پہچان چند امراءسے نہیں بلکہ اکثریت کے رہن سہن سے ہوتی ہے،وزیراعظم عمران خان کا ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کے اجراءکے حوالے سے تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کے ذریعے اعداد و شمار کو مرتب کرنا ترقیاتی منصوبہ بندی کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے، مہذب معاشرے کی پہچان چند امراءسے نہیں بلکہ اکثریت کے رہن سہن سے ہوتی ہے، ماضی میں بدقسمتی سے عوام پر پیسہ خرچ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا گیا، کسی ایک علاقے پر زیادہ فنڈز خرچ کرنے سے دوسرے علاقے ترقی سے محروم رہ جاتے ہیں، غربت کے خلاف جہاد ہی اصل جہاد ہے، کمزور طبقے کی خوشحالی سے ہی ملک ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کے اجراءکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ایلانگو پچامھتو نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کی تشکیل کو پاکستان میں غربت کے خاتمے کی جانب پہلا قدم قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اس حوالے سے عالمی بینک کے تعاون پر اس کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غربت کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے اعداد و شمار کو مرتب کرنا اہمیت کا حامل ہے، مہذب معاشرے کی پہچان چند امراءسے نہیں بلکہ اکثریت کے رہن سہن سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یہاں عوام پر پیسہ خرچ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا گیا، ماضی میں پنجاب کا 55 فیصد ترقیاتی فنڈ صرف لاہور میں خرچ ہوا جبکہ دیگر علاقوں کو نظر انداز کیا گیا، اس طرح کسی ایک علاقے پر فنڈز خرچ کرنے سے دوسرے علاقے ترقی سے محروم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا فار پاکستان کے ذریعے معلوم ہوگا کہ کہاں کتنا فنڈ خرچ کرنے کی ضرورت ہے، ڈیٹا فار پاکستان کے تحت حاصل ہونے والے اعداد و شمار ملک میں فیصلہ سازی اور فنڈز مختص کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان اعداد و شمار کے تحت صوبائی مالیاتی ایوارڈ کے تحت فنڈز مختص کرنے میں آسانی ہو گی کیونکہ جب تک مسائل کی درست تشخیص نہیں ہو گی اس وقت تک ان کے حل کے لئے کوششیں کارگر ثابت نہیں ہو سکیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ان اعداد و شمار کی بنیاد پر صوبوں میں ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر بھی فنڈز کے استعمال کے حوالے سے فیصلہ سازی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خلاف جہاد ہی اصل جہاد ہے، غربت کے خاتمے کی جانب یہ قدم انتہائی اہم ہو گا کیونکہ کمزور طبقے کی خوشحالی سے ہی ملک ترقی کر سکے گا۔ قبل ازیں تقریب سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویب پورٹل تک ہر شہری کو رسائی ہو گی، پورٹل پر جاری کیا جانے والا ڈیٹا مختلف سرویز سے حاصل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل پر جغرافیہ، صحت، تعلیم اور روزگار سے متعلق معلوماتی مواد موجود ہے، یہ پورٹل وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر اداروں کی فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل کے تحت اعداد و شمار کے موازنے کی بھی سہولت ہے، پورٹل میں 2004ءسے 2018ءتک کا ترقیاتی شرح کا ضلعی ڈیٹا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کو عالمی بینک کے تعاون سے تشکیل دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ ثشتر نے کہا کہ احساس ڈیٹا فار پاکستان ملک میں اپنی طرز کا واحد پروگرام ہے جس میں ملک کے تمام اضلاع کا غربت کی شرح سے متعلق ڈیٹا موجود ہے، اس میں 120 ڈویلپمنٹ اور پالیسی سے متعلق اشاریوں کو شامل کیا گیا ہے۔ احساس ضلعی ترقیاتی پورٹل میں 2004ءتا 2018ءکے دوران کا غربت اور ڈویلپمنٹ کی شرح کا ضلعی سطح کا ڈیٹا شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس حکمت عملی کے تحت ’ڈیٹا فار پاکستان پورٹل‘ کو عالمی بینک کے تعاون سے تشکیل دیا گیا ہے جو سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈویژن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہو گا۔ اس موقع پر عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ایلانگو پچامھتو نے کہا کہ یہ اقدام ڈیٹا کی شفافیت اور وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے حصول کی جانب اہم قدم ہے، یہ پاکستان کے لئے قابل فخر کارنامہ ہونا چاہیے جس سے استفادہ کر کے ملک میں آبادی کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بہتر منصوبہ بندی کی جا سکے گی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کے سٹیزن پورٹل اور عوامی فلاح پر مبنی دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا فار پاکستان یہاں ماڈرن شماریاتی ڈیٹا سسٹم کی تیاری کی جانب اہم قدم ثابت ہو گا، اس حوالے سے عالمی بینک حکومت پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا۔ اس موقع پر ڈیٹا فار پاکستان کے حوالے سے پریزینٹیشن بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس پورٹل پر انٹر ایکٹو نقشوں کے ذریعے صارف کو ملک کے مختلف اضلاع میں غربت کی شرح کا درست تجزیہ کرنے میں مدد ملے گی۔ پورٹل پر کسی بھی ضلع کو کلک کر کے اس سے متعلق ڈیٹا اور اشاریوں کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔