وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیا ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے جائزہ اجلاس

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مستقبل کی ضروریات اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جانی چاہئے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ترین اقدامات کئے جائیں، کھیت سے مارکیٹ تک اشیا کی منتقلی اور دیگر عوامل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لایا جائے ،کوشش کی جائے کہ غریب آدمی پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ پڑے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہاراشیا ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، سید فخر امام، مشیر ڈاکٹر عشر ت حسین، معاونین خصوصی ندیم بابر، ڈاکٹر وقار مسعود، تابش گوہر، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، بنجاب کے وزیر خوراک عبدالعلیم خان، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخواکے چیف سیکرٹریزنے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

وزیر اعظم کو ملک میں گندم کی اگلے مالی سال 22-2021 کی پیداوار، کھپت اور ضروریات کے تخمینوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ابھی سے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوروں کے خلاف سخت ترین قانونی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ غریب آدمی پر مزید کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ پڑے،
صوبوں کے درمیان رابطے مزید مستحکم کئے جائیں تاکہ قیمتوں میں فرق ختم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کھیت سے مارکیٹ تک منتقلی اور تمام دیگر عوامل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لایا جائے تاکہ سسٹم کو شفاف بنایا جا سکے اور کسان اور صارفین دونوں کو اچھی قیمت مل سکے، خورد ونوش کی اشیا کے لیے جدید خطوط پر ذخیرہ کرنے کے لئے گوداموں کی تعداد بڑھائی جائے ۔