وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے اجلاس

لاہور۔15جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس کسی سیاسی اثر ورسوخ کو خاطر میں نہ لائے، انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے، عوام کے مسائل کے حل کیلئے صرف میرٹ پر عمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے وزیراعظم کو پنجاب پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عملداری کی جائے، انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے، ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے، لوگ آپ سے تب مطمئن ہوں گے جب آپ سب سے یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے آئی جی کو ہدایت کی کہ پولیس افسران جرائم کے خاتمے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور تھانوں کا دورہ کریں، پنجاب پولیس کا تشخص بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے آپ کو بہت محنت کرنا پڑے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اہم پوزیشنز پر ایماندار افسران تعینات کرنے کا اثر نچلی سطح تک جاتا ہے، پنجاب میں تمام تعیناتیاں صرف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں تا کہ لوگوں کی انصاف تک حقیقی رسائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ بڑے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کے لئے یہ سبق ہو گا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر بھی موجود تھے