وزیرِ اعظم عمران خان سے دیر اور سوات سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی اسمبلی کی ملاقات ، ترقیاتی منصوبوںپر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان سے دیر اور سوات سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی اسمبلی نے اتوار کو ملاقات کی اور اپنے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم سےملاقات کرنے والوں میں معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر، سلیم رحمان اور بشیر خان شامل تھےملاقات میں دیر میں امن و امان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔رکنِ قومی اسمبلی بشیر خان نے وزیرِ اعظم کو دیر میں زیرِ تعمیر ڈیمز میں مقامی آبادی کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار کے مواقع مہیا کرنے پر بریفنگ دی۔ اسکے علاوہ حلقے کے مسائل اور عوامی فلاح کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ سلیم رحمان نے وزیرِ اعظم کو سوات میں سیاحت کے فروغ اور اس سے مقامی لوگوں کی معاشی حالت پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات اور سوات میں تعلیم و صحت کے منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا ۔