وفاقی وزیرعلی زیدی نے وزیراعظم عمران خان کو چین کے ساتھ متوقع جوائنٹ وینچر بارے آگاہ کیا

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ وزارت بحری امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ وزارت بحری امور کے مطابق چین کے ساتھ متوقع جوائنٹ وینچر وزیر اعظم عمران خان کے ملکی ترقی کے وژن کی تکمیل کیلئے بڑا سنگ میل ثابت ہوگا ۔ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے بھی سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فکر مندی اور عزم کا واضح اظہار ہم سب کو آگے بڑھنے اور جدوجہد کی ترغیب دیتا ہے ۔