وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، ڈیجیٹل میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے جنرل منیجر عمران غزالی کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، ڈیجیٹل میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے جنرل منیجر عمران غزالی کی ملاقات
وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، ڈیجیٹل میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے جنرل منیجر عمران غزالی کی ملاقات

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے جنرل منیجر عمران غزالی نےملاقات کی۔ملاقات کے دوران سینیٹر شبلی فراز نے وزیر اعظم کو وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے تجویز کردہ ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزنگ پالیسی کے حوالے سے آگاہ کیا، جس کی حتمی منظوری وزیراعظم آفس سے دی جائے گی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان میں فی الوقت 93 ملین انٹرنیٹ صارفین موجود ہیں جبکہ یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اسی رحجان کو مدنظر رکھتے ہوئے، ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ پالیسی ترتیب دینے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔ فی الحال وفاقی حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزمنٹ کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔ منظوری کے بعد یہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی پہلی پالیسی ہو گی جس کے تحت وزارت اطلاعات و نشریات کے ذریعے حکومت ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تشہیر کر سکے گی۔

پاکستان کی ڈیجیٹل میڈیا صنعت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ مذکورہ پالیسی کے تحت نہ صرف نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور پبلشرز کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ پاکستانی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ڈیجیٹل میڈیا کی توثیق سے کارپوریٹ سیکٹر بھی ڈیجیٹل میڈیا کو بطور اشتہاری مہم استعمال کرنے کی جانب راغب ہو گا۔

ڈاکٹر ارسلان خالد نے وزیر اعظم کو ڈیجیٹل میڈیا ڈویلپمنٹ پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کثیر جہتی پروگرام کے نتیجے میں پاکستانی ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی و ترویج اور نچلی سطح تک ڈیجیٹل خواندگی کا فروغ ممکن ہو گا۔

وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ پی ایم ڈی پی طلباء، حکومت پاکستان اور ڈیجیٹل میڈیا کے درمیان فاصلے کم کرے گا اور ڈیجیٹل میڈیا کا محفوظ مستقبل یقینی بنائے گا۔جی ایم عمران غزالی نے وزیراعظم کو ڈیجیٹل میڈیا ونگ کی 6 ماہ کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔ پاکستان میں ڈیجیٹل صنعت کے فروغ پر وزیراعظم عمران خان نے وزارت اطلاعات و نشریات کے کردار کو سراہا۔