وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں زرعی پیداوار کی استعداد میں اضافے اور ویلیو چین کے حوالہ سے اجلاس

لاہور۔15جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں زرعی پیداوار کی استعداد میں اضافے اور ویلیو چین کے حوالے سے جمعہ کواجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار ، صوبائی وزراء سید حسین گردیزی، محمد سبطین خان،وزیراعلی کی معاون خصوصی براے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔مشیروزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ نے زرعی پیداوار میں وزیر اعظم کے ویزن کے مطابق اضافے اور ویلیو چینز کے فروغ کے حوالے سے تجاویز پر بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم کو کسانوں کی مالی معاونت کے لئے کسان کارڈ کے اجراء پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت زرعی پیداوار کی استعداد اور معیار کو بہتر کرنے کے لئے ہر زرعی پروڈکٹ کی ویلیو چین کے لئے علیحدہ اور جامع ایکشن پلان مرتب کرے۔وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ ساٹھ فی صد آبادی زراعت کے شعبے سے منسلک ہے لہٰذا اس شعبے کی ترقی اور اس کو جدید خطوط پر استو ار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نے زراعت کے شعبے کے بنیادی فوڈ سیکورٹی کے مسائل کو حل کرنے کے علاوہ زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی اور مکمل ٹائم لائن کے ساتھ جامع حکمت عملی بنانے کی تاکید کی جسکے تحت موجودہ استعد اد کو تین گنا بڑ ھایا جاسکتا ہے۔وزیر اعظم نے زراعت کے شعبے میں مکمل ریفارمز کے لئے اس سے منسلک تمام شعبے جن میں لا ئیو اسٹاک ، زرعی پیداوار ، فشریز شامل ہیں، ان کو جدید اور کارپوریٹ انداز میں چلانے کے لئے ہدایت کی۔وزیر اعظم نے اس ضمن میں وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت کو زرعی شعبے کی اصلا حات میں در پیش تمام مسائل کے فوری تدارک اور حل کے لئے معاونت کی یقین دہانی کرائی۔