وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا انفارمیشن گروپ کے پاس آئوٹ ہونے والے افسران میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہم نے دنیا میں پاکستان کا مثبت اور روشن تشخص روشناس کرانا ہے، اس ضمن میں وزارت اطلاعات کے افسران کا کردار بنیادی حیثیت کا حامل ہے، انفارمیشن گروپ اور میڈیا تربیت کے عمل میں مزید موثر بنانے کے لئے انفارمیشن سروسز اکیڈمی کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں انفارمیش گروپ، گریڈ 18کے افسران کے لئے ڈومین سپیسیفک مڈ کیرئیر کورس کے پاس آئوٹ ہونے والے افسران میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ انفارمیشن سروسز اکیڈمی کی جانب سے انفارمیشن گروپ کے افسران کے لئے تربیتی کورس کا انعقاد خوش آئند ہے، انفارمیشن سروسز اکیڈمی، انفارمیشن گروپ کے افسران کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور چیلنجز سے نمٹنے کےلئے استعداد کار میں اضافے کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے ڈومین سپیسفک مڈ کیرئیر کورس کے پاس آئوٹ ہونے والے چھ افسران میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈی جی انفارمیشن سروسز اکیڈمی ثمینہ فرزین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن گروپ کے گریڈ 18 سے 19 میں جانے والے افسران کے لئے آئی ایس اے نے ڈومین سپیسفک مڈ کیریئر کورس کا آغاز کیا، چھ ہفتوں پر محیط اس کورس میں ورکشاپ، سٹریٹجک کمیونیکیشن، ڈیٹا ویزویلائزیشن ٹولز، ڈیجیٹل میڈیا کے لئے مواد کی تخلیق، بیانیہ کی تشکیل سمیت دیگر تکنیکی امور شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیا کے شعبے سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے کورس کے دوران لیکچرز دیئے۔